2029 تک ملک کو منشیات سے پاک بنانے کا روڈ میپ تیار

2029 تک ملک کو منشیات سے پاک بنانے کا روڈ میپ تیار

نکسل واد اور دہشت گردی کیخلاف کامیاب آپریشن کے بعد حکومت کا نیاعزم / وزیرداخلہ امیت شاہ

سرینگر// یو این ایس / مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے 2029 تک بھارت کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے ایک جامع روڈ میپ تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات سے پاک نوجوان طاقت 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔پنجی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ مودی حکومت ملک کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے، جس طرح حکومت نے نکسل ازم اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’نریندر مودی کا مقصد ہے کہ منشیات سے پاک نوجوان طاقت 2047 میں ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں قائدانہ کردار ادا کرے۔‘‘مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ 2014 سے قبل منشیات کے خلاف کارروائی زیادہ تر محدود سطح پر اور مختلف اداروں کی جانب سے الگ الگ کی جاتی تھی۔ ان کے مطابق متعلقہ ایجنسیاں اکثر چھوٹے درجے کے ملزمان کو گرفتار کرنے تک محدود رہتی تھیں، تاہم موجودہ حکومت نے منشیات کے خلاف جنگ کو قومی سلامتی کی ترجیح بنا دیا ہے۔امیت شاہ نے کہا کہ حکومت نے داخلی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جو لوگ تروپتی سے پشوپتی تک ’’سرخ راہداری‘‘ قائم کرنے کا خواب دیکھتے تھے، انہوں نے ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔انہوں نے کہا کہ شمال مشرقی ریاستوں میں بھی اب حالات پْرامن ہیں اور دس ہزار سے زائد نوجوان ہتھیار چھوڑ کر قومی دھارے میں واپس آچکے ہیں۔امیت شاہ نے کہا کہ پانچ دہائیوں تک ملک کے لیے بڑا چیلنج بنا رہنے والا نکسل ازم اب ماضی کا حصہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح حکومت نے نکسل ازم کے خطرے سے نمٹنے میں کامیابی حاصل کی ہے، اسی انداز میں منشیات کے مسئلے کا بھی خاتمہ کیا جائے گا۔جموں و کشمیر کے حوالے سے مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کے دور میں خطے میں دہشت گردی میں کمی کے بعد جموں و کشمیر ترقی اور پیش رفت کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہاں دہشت گردی بتدریج تقریباً ختم ہونے کی جانب بڑھ رہی ہے۔امیت شاہ نے مزید کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں علیحدگی پسندی کے جذبات میں بھی کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت داخلی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے اور ملک کو منشیات سمیت دیگر خطرات سے پاک کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔