ڈل جھیل کا معروف فلوٹنگ پوسٹ آفس اب صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک کھلا رہے گا

ڈل جھیل کا معروف فلوٹنگ پوسٹ آفس اب صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک کھلا رہے گا

اوقات کار میں توسیع کا مقصد سیاحوں اور مقامی باشندوں کو زیادہ سہولت فراہم کرنا / چیف پوسٹر ماسٹر

سرینگر / این این بی // عوام اور سیاحوں کی سہولت کیلئے محکمہ ڈاک نے اعلان کیا ہے کہ ڈل جھیل کا معروف فلوٹنگ پوسٹ آفس اب صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک کھلا رہے گا۔ نیشنل نیوز بیورو کے مطابق سرینگر کی معروف ڈل جھیل میں واقع منفرد فلوٹنگ پوسٹ آفس کے اوقات کار میں توسیع کردی گئی ہے۔ محکمہ ڈاک نے عوام اور سیاحوں کی سہولت کے لیے اس پوسٹ آفس کو اب روزانہ صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈل جھیل میں نہرو پارک کے قریب ایک ہاو ¿س بوٹ میں قائم یہ فلوٹنگ پوسٹ آفس نہ صرف مقامی لوگوں کو ڈاک کی باقاعدہ خدمات فراہم کرتا ہے بلکہ کشمیر آنے والے سیاحوں کے لیے بھی ایک منفرد اور پرکشش مقام کی حیثیت رکھتا ہے۔محکمہ ڈاک کے مطابق فلوٹنگ پوسٹ آفس کے اوقات کار میں توسیع کا فیصلہ حالیہ دنوں میں لال چوک ہیڈ پوسٹ آفس کے اوقات کار بڑھانے کے بعد عوام کی جانب سے ملنے والے حوصلہ افزا ردعمل کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ لال چوک ہیڈ پوسٹ آفس بھی اب صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک خدمات فراہم کررہا ہے۔اس سلسلے میں چیف پوسٹ ماسٹر جنرل جموں، کشمیر و لداخ ساگر ہنومان سنگھ، آئی پی او ایس نے فلوٹنگ پوسٹ آفس کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر پوسٹل سروسز پرتیک اور سری نگر پوسٹل ڈویژن کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پوسٹ آفس آدم محی الدین بھی موجود تھے۔دورے کے دوران اعلیٰ حکام نے فلوٹنگ پوسٹ آفس میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور وہاں آنے والے صارفین اور سیاحوں سے بھی بات چیت کی۔ حکام نے عوام کی ضروریات اور پوسٹل خدمات سے متعلق ان کی ترجیحات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔محکمہ ڈاک کے حکام کے مطابق نہرو پارک اور ڈل جھیل کے اطراف سیاحوں اور دیگر لوگوں کی بڑی تعداد میں آمدورفت رہتی ہے، جس کے باعث معمول کے اوقات کے بعد بھی پوسٹل خدمات کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی۔عوام اور سیاحوں کی جانب سے اضافی اوقات میں پوسٹل سہولیات فراہم کرنے کی مانگ کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ ڈاک نے فلوٹنگ پوسٹ آفس کے اوقات کار کو بڑھانے کا فیصلہ کیا۔چیف پوسٹ ماسٹر جنرل ساگر ہنومان سنگھ نے کہا کہ اوقات کار میں توسیع کا مقصد سیاحوں، مقامی باشندوں اور دیگر آنے والے افراد کو زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔ڈائریکٹر پوسٹل سروسز پرتیک نے کہا کہ ڈل جھیل میں قائم فلوٹنگ پوسٹ آفس ایک اہم پوسٹل سہولت ہونے کے ساتھ ساتھ کشمیر کی ایک نمایاں سیاحتی کشش بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہاو ¿س بوٹ میں قائم اس پوسٹ آفس سے ڈاک کی خدمات حاصل کرنا سیاحوں کے لیے ایک منفرد تجربہ ہے اور اوقات کار میں توسیع سے مزید لوگوں کو اس سہولت سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔