چھاترو کشتواڑمعاملہ:

اپوزیشن لیڈر سنیل شرما کی متاثرہ خاندان سے ملاقات

سرینگر// یو این ایس / جموں و کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے ہفتہ کو کشتواڑ کے چھاترو علاقے کے گور نال کا دورہ کرکے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور انہیں انصاف کی جدوجہد میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔سنیل شرما نے متاثرہ لڑکی کے والدین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے غم میں شریک ہونے کی بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے حصول کے لیے خاندان خود کو تنہا نہ سمجھے اور وہ اس معاملے کو متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل اٹھاتے رہیں گے۔بی جے پی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے ہمراہ گور نال پہنچنے والے سنیل شرما نے کہا کہ خاندان کے مطالبے کے مطابق معاملے کی تحقیقات کرائم برانچ کے سپرد کی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ اس معاملے کو لے کر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں اور تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت پر مسلسل نظر رکھیں گے۔قائد حزب اختلاف نے تحقیقاتی حکام پر زور دیا کہ معاملے کی منصفانہ، غیر جانب دار اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے اور متاثرہ خاندان کی جانب سے اٹھائے گئے خدشات کو بھی تحقیقات کے دوران مدنظر رکھا جائے۔سنیل شرما نے کہا کہ وہ مناسب فورمز پر اس معاملے کو اٹھائیں گے اور قانونی طریقے سے متاثرہ خاندان کے لیے انصاف کی کوشش جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ فرد کے لیے انصاف اور سوگوار خاندان کے وقار کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا، ’’خاندان کا درد ہم سب کی اجتماعی تشویش ہے۔ ہم ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور معاملے کو ہر مناسب اور قانونی فورم پر اٹھائیں گے۔‘‘سنیل شرما نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے جاں بحق فرد کے لیے دعائے مغفرت اور سوگوار خاندان کے لیے صبر و حوصلے کی دعا بھی کی۔