لداخ میں پروجیکٹ وجیک کے 16ویں یومِ تاسیس

تقریبات کا آغاز،51 سواروں کی موٹر سائیکل ریلی

سرینگر//یو این ایس / بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کے پروجیکٹ وجیک نے اتوار کو لداخ میں اپنے 16ویں یومِ تاسیس کی تقریبات کا آغاز کرگل میں واقع پروجیکٹ وجیک یادگار سے سپی لا پاس تک موٹر سائیکل ریلی کے انعقاد کے ساتھ کیا۔سرکاری عہدیدار کے مطابق 51 شرکاء پر مشتمل موٹر سائیکل ریلی کو ریٹائرڈ کرنل وی کے اوبرائے نے کرگل میں پروجیکٹ وجیک میموریل سے روانہ کیا۔ ریلی تقریباً 54 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد 14,337 فٹ کی بلندی پر واقع سپی لا پاس پہنچی۔ریلی میں 8 ماؤنٹین ڈویڑن کے ڈپٹی جنرل آفیسر کمانڈنگ بریگیڈیئر سرت پرکاش، پروجیکٹ وجیک کے چیف انجینئر بریگیڈیئر راہل اوبرائے، 121 انفنٹری بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر آشیش جوشی کے علاوہ فوج، پروجیکٹ وجیک کے افسران و اہلکاروں اور شہری شرکاء نے شرکت کی۔بریگیڈیئر راہل اوبرائے نے بتایا کہ پروجیکٹ وجیک کا قیام 21 ستمبر 2010 کو کرگل جنگ جائزہ کمیٹی کی سفارشات کے بعد عمل میں لایا گیا تھا۔ اس کا بنیادی مقصد لداخ خطے، بالخصوص سرحدی اور اگلے علاقوں میں واقع چوکیوں تک رابطہ بہتر بنانا تھا۔انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ وجیک نے خطے میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ کئی سڑکوں کو کشادہ کرکے سنگل لین سے ڈبل لین معیار میں تبدیل کیا گیا ہے، جبکہ سرحدی علاقوں تک بہتر رسائی کے لیے نئی سڑکیں بھی تعمیر کی گئی چیف انجینئر نے کہا کہ قومی شاہراہوں کی تعمیر اور معیار میں بھی نمایاں بہتری لائی گئی ہے اور کئی سرنگوں کے منصوبوں پر اس وقت کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ وجیک ہر سال یومِ تاسیس کی تقریبات کے سلسلے میں موٹر سائیکل ریلی کا انعقاد کرتا ہے۔ اس کا مقصد ان اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے دشوار گزار ہمالیائی خطے میں ملک کی خدمت اور اہم سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال موٹر سائیکل ریلی نے دراس میں واقع کرگل جنگ یادگار کا سفر کیا تھا اور بھارتی فوج اور بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے ان بہادر اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا تھا جنہوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔انہوں نے کہا کہ اس سال بھی اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ریلی نے مغربی لداخ اور سیاچن سیکٹر میں پروجیکٹ وجیک کے زیرِ انتظام اہم درّوں میں شامل سپی لا پاس کا رخ کیا۔ریلی کے سپی لا پہنچنے پر 8 ماؤنٹین ڈویڑن کے ڈپٹی جی او سی نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے بریگیڈیئر اوبرائے نے پرچم کشائی کی تقریب کو ایک قابلِ فخر لمحہ قرار دیا اور کہا کہ یہ ان بہادر اہلکاروں کو خراجِ عقیدت ہے جنہوں نے ملک کی خدمت میں اپنی جانیں قربان کیں۔موٹر سائیکل ریلی کے ساتھ پروجیکٹ وجیک کی 16ویں یومِ تاسیس کی تقریبات کا باضابطہ آغاز ہوگیا ہے، جبکہ یومِ تاسیس 21 ستمبر کو منایا جائے گا۔