بڈگام کے بعد اننت ناگ اور پلوامہ اضلاع’ تپ دق ‘بیماری سے پاک قرار
سری نگر//حکام نے منگل کوبتایاکہ جنوبی کشمیرکے اننت ناگ اور پلوامہ اضلاع کو ہندوستان میں TBکے خاتمے کیلئے ذیلی قومی سرٹیفیکیشن کے تحت’ تپ دق ‘بیماری سے پاک قرار دیا گیا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق ریاستی تپ دق افسر ڈاکٹر اظفر قادری کے حوالے سے بتایاگیا کہ جموں وکشمیرکے2 مزید اضلاع اننت ناگ اور پلوامہ کو ٹی بی سے پاک قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سری نگر کو طلائی تمغہ ملا ہے جبکہ جموں وکشمیر یو ٹی کو کانسی کا تمغہ ملا ہے اور بیشتر دیگر اضلاع نے حالت برقرار رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں 3 اضلاع میں ٹی بی فری کا اعزاز حاصل ہے کیونکہ ضلع بڈگام کو 2021 میں ٹی بی یعنی تپ دق بیماری سے سے پاک قرار دیا گیا تھا۔حکام نے مزید کہا کہ پچھلے سال کشمیر کو 3گولڈ میڈل ملے تھے اور اب وہ اپ گریڈ ہو گئے ہیں اور پلوامہ اور اننت ناگ کو ٹی بی سے پاک قرار دیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ کشمیر میں ٹی بی کے واقعات میں کمی آرہی ہے۔حکام نے مزید بتایاکہ ہم2025 تک ٹی بی یعنی تپ دق کے خاتمے کو حاصل کر لیں گے کیونکہ ہم تیز اور فعال کیسوں کی تلاش اور کیس اسکریننگ کر رہے ہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ تپ دق کیس کے اہداف میں کمی کے حصول میں شناخت کی 4 قسمیں ہیں جن میں سرفہرست مقام ٹی بی سے پاک حیثیت کا ہے یعنی 80 فیصد کمی۔دیگر زمروں میں گولڈ میڈل زمرے (60فیصد سے زیادہ کمی)، سلور میڈل زمرے (40فیصد سے زیادہ کمی) اور برانز میڈل زمرے (20فیصد سے زیادہ کمی) شامل ہیں۔بڈگام پہلا ضلع تھا جسے ٹی بی یعنی تپ دق بیماری سے پاک قرار دیا گیا تھا۔ ذیلی قومی سرٹیفیکیشن اضلاع، ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی ٹی بی سے پاک حیثیت کی طرف پیش رفت کو نشان زد کرنے کی ایک پہل ہے، جو 2025 تک ٹی بی سے پاک ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے 2020 میں شروع کی گئی تھی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کشمیر میں 2022 میں تپ دق (ٹی بی) کے 3376 سے زیادہ کیسز ریکارڈ کیے گئے،اور سری نگر 1465 کیسوں کے ساتھ فہرست میں سرفہرست تھا۔اعداد و شمار کے مطابق، 2021 کے مقابلے سال2022میں کشمیر ڈویڑن میں ٹی بی کے معاملات میں تیزی سے کمی آئی ہے۔2021 میں، کشمیر ڈویڑن میں ٹی بی کے3442 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔2022میں ٹی بی کے 3376 کیسوں میں سے، سری نگر ضلع میں 1465 کیس درج ہوئے تھے ، اس کے بعد ضلع اننت ناگ میں 665 کیس، بارہمولہ ضلع میں 599 ٹی بی کیس، ضلع کپواڑہ میں361، پلوامہ میں 172 اور بڈگام ضلع میں 2022 میں ٹی بی کے 114 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کٹھوعہ میں دو، پونچھ میں ایک اور راجوری ضلع میں دو کیس درج ہوئے۔ تاہم، کشمیر ڈویڑن میں، اننت ناگ، بارہمولہ، کپواڑہ، پلوامہ اور سری نگر اضلاع میں صفر کیس تھے۔ سال2021میں، اننت ناگ، پلوامہ اور کپواڑہ نے اس بیماری کے خلاف لڑنے کیلئے قومی ٹی بی کے خاتمے کے پروگرام کے تحت سونے کے تمغے حاصل کیے، جب کہ بارہمولہ نے اس پروگرام کے تحت کانسی کا تمغہ حاصل کیاتھا۔بڈگام ہندوستان کا واحد ضلع ہے جسے 2022ٹی بی سے پاک قرار دیا گیا ۔










