سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے 5؍ ستمبر کو منائے جانے والے یومِ اَساتذہ کے موقعہ پر اساتذہ کو دلی مُبارک باد اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے ایک پیغام میں کہا،’’یومِ اَساتذہ کے موقعہ پر تمام اساتذہ کو دلی مُبارک باد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ میں ہندوستان کے عظیم ماہرِ تعلیم، فلسفی اور سابق صدرِ جمہوریہ ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن جی کو اُن یوم ولادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ اُن کی مثالی زِندگی اور بصیرت افروز خدمات آنے والی نسلوں کے لئے مشعلِ راہ بنی رہیں گی۔یومِ اَساتذہ ہمیں اساتذہ کی اِنسانیت کی ترقی کے لئے مسلسل لگن اور خدمات پر گہری تشکر و قدردانی کے اظہار کا ایک بابرکت موقع فراہم کرتا ہے۔اساتذہ حقیقی معنوں میں قوم کے معمار اور تبدیلی کے علمبردار ہیں۔ تجسس کو اُبھار کر اور رُکاوٹوں کو دور کر کے وہ نوجوان ذہنوں کو تشکیل دیتے ہیں اور طالب علموں کو تخلیقی اور ہمدرد رہنما بننے میں مدد کرتے ہیں۔میں اساتذہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہر طالب علم کی منفرد صلاحیت اور خوبی کو تسلیم کریں اور اَپنے کلاس روموںکودِلچسپ ، پُرجوش اور اِستفسارپر مبنی تعلیمی ماحول بنائیں۔آج کے دِن ،آئیے سب کے لئے معیاری تعلیم فراہم کرنے کے اَپنے عزم کو مضبوط کریں اور 2047 تک ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لئے مل کر کام کریں۔‘‘










