عازمین کی تعداد ایک لاکھ75ہزار25 مقرر :مرکزی وزیرسمرتی ایرانی
نئی دہلی//حکومت نے جمعرات کو کہاکہ سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ معاہدے کے مطابق اس سال ہندوستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ75ہزار25 مقرر کیا گیا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں، اقلیتی امور کی وزیر اسمرتی ایرانی نے کہا کہ وزارت نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حج کمیٹیوں سمیت اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ حج کے انتظام پر متعدد انٹرایکٹو سیشنز کیے ہیں، جن میں حج کوٹہ کی بحالی کی موصول درخواستیں کی گئی تھیں ۔انہوںنے کہاکہ یہ مسئلہ مملکت سعودی عرب کے ساتھ حج 2023 کے سالانہ دو طرفہ معاہدے کے تحت حل کیا گیا ،اورکووڈ19 کے چیلنجوں کے باوجود، ملک کا اصل حج کوٹہ برائے2023 ایک لاکھ75ہزار 25 (1,75,025) بحال کر دیا گیا ہے۔سمرتی ایرانی نے کہاکہ سالانہ دوطرفہ معاہدے کے تحت حج کمیٹی آف انڈیا کے لیے مختص کوٹہ حج2023 کے لیے مختلف ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوںکے عازمین کے لئے ہے۔حج کوٹہ میں اضافے نے اب حکومت کو ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے زیادہ سے زیادہ عازمین کو بھیجنے کے قابل بنایا ہے۔










