سکینہ اِیتو نے چیک صمد کادورہ کیا اور عوامی دربارکا اِنعقاد کیا

سکینہ اِیتو نے چیک صمد کادورہ کیا اور عوامی دربارکا اِنعقاد کیا

سی ایس راتھر میں سڑک منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا

کولگام// وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتونے ضلع کولگام میں چیکِ صمد کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں ایک عوامی دربار منعقد کیا اور ایک سڑک منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا۔اُنہوںنے مقامی باشندوں سے ان کی شکایات اور ترقیاتی مسائل سننے کے لئے بات چیت کی۔ اس دوران چیکِ صمد اور ملحقہ دیہاتوں کے لوگوں نے متعدد ترقیاتی مطالبات پیش کئے اور ان مسائل کو اُجاگر کیا جن پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔وزیر موصوفہ نے لوگوں کی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل کو بغور سُنا اور اُنہیں یقین دِلایا کہ تمام جائز مطالبات کو مرحلہ وار اور مقررہ وقت میں پورا کیا جائے گا۔اُنہوں نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح وبہبود حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ موجودہ نظامِ حکومت جموں و کشمیر کے تمام علاقوں میں جامع اور مساوی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔
سکینہ اِیتونے اِس بات پر زور دیا کہ عوامی رسائی پروگرام اور لوگوں کے ساتھ روبروبات چیت حکومت کے نقط نظر کا مرکزی حصہ ہیں تاکہ ذِمہ دار، شفاف اور جوابدہ حکومت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اُنہوںنے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ قریبی تال میل کے ساتھ کام کریں اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔دورے کے دوران اُنہوںنے 1.2 کلومیٹر طویل چیکِ صمد سڑک منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا جس کی تعمیر کا تخمینہ لاگت 86.27 لاکھ روپے ہے۔ اِس موقعہ پر سکینہ اِیتونے چیکِ صمد اور آس پاس دیہاتوں کے لئے متعدد نئے ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔وزیرموصوفہ کے ہمراہ سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر فیاض احمد کار، چیف ایجوکیشن آفیسر سی اِی اوکولگام فیاض احمد میر، ڈِسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر ڈِی ایس ڈبلیو او رمیض احمد گنائی اور دیگر متعلقہ اَفسران و ملازمین بھی تھے۔