تہران/یو این آئی// ایران نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے شرائط طے کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔ ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی کے مطابق ثالث ممالک نے تہران سے آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے اپنی شرائط واضح کرنے کو کہا ہے، جن میں خطے میں جاری جنگ کا خاتمہ بھی شامل ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق محسن رضائی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں بتایا کہ ایران آبنائے ہرمز سے متعلق اپنی شرائط کی ایک فہرست تیار کررہا ہے۔ ان کے مطابق ان شرائط میں سب سے اہم مطالبات میں سے ایک خطے میں جاری جنگ اور فوجی کشیدگی کا خاتمہ ہے۔محسن رضائی نے کہا کہ ایران اور عمان آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت کے لیے ایک عارضی بحری راہداری پر بھی متفق ہوگئے ہیں۔ اس مجوزہ راستے کا کچھ حصہ عمان کی سمندری حدود اور کچھ حصہ ایرانی پانیوں سے گزرے گا۔ایرانی عہدیدار کے مطابق اس بحری راہداری میں ایک مخصوص مرکزی چینل مقرر کیا جائے گا، جسے تجارتی جہازوں کی آمدورفت کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔ تاہم اس نظام پر مکمل عمل درآمد ایران کی جانب سے مقرر کردہ شرائط کی منظوری سے مشروط ہوگا۔محسن رضائی کے مطابق اگر امریکہ ایران کی شرائط پوری کرتا ہے تو تجارتی بحری جہازوں کو اس مخصوص راستے سے گزرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔










