صرف مواقع مت تلاش کرو ، ان کو خود پیدا کرو ۔لفٹینٹ گورنر کی فارغ التحصیل نوجوانوں سے اپیل
جموں//لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے کلسٹر یونیورسٹی آف جموں کے پہلے کنوووکیشن سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس پہلے کنووکیشن کے فارغ التحصیل طلبہ یونیورسٹی کے روایت کے علمبردار ہیں اور انہوں نے تمام گریجویٹس ، گولڈ میڈلسٹ اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی ۔ تامل ناڈو کے معزز گورنر شری راجندر وشوناتھ ارلیکر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ لفٹینٹ گورنر نے خاص طور پر خواتین طلبہ کی تعریف کی اور بتایا کہ 163 میںسے 130 گولڈ میڈل بیٹیوں نے حاصل کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب بیٹیوں کو مواقع ملتے ہیں تو وہ صرف عہدے حاصل نہیں کرتیں بلکہ کامیابی کے مفہوم کو ہی نئے سرے سے متعین کرتی ہیں ۔ ان کے گولڈ میڈل آنے والی نسلوں کیلئے اعتماد کے نشان ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ’’ جموں و کشمیر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بیٹیاں اپنی ہی کامیابیوں کے نے ابواب رقم کر رہی ہیں ۔ ‘‘ انہوںنے جموں و کشمیر کی فکری وراثت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مہارشی کلہن ( راج ترنگنی کی مصنف ) ، مہارشی ابھینو گپت اور سنت شاعر یوگنی للیشوری اور شیخ العالم نے مذاہب کے درمیان ہم آہنگی اور حق کی تلاش کو فروغ دیا انہوں نے کہا کہ یہ گریجویٹس ایک ہزار سال سے زائد پرانی علم کی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ بھات ایک تاریخی تبدیلی کے دور سے گذر رہا ہے اور دنیا کی سب سے بڑی اور تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشتوں میں سے ایک کے طور پر ابھر رہا ہے جس کا قومی عزم 2047 تک ایک ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر ہے ۔ انہوں نے ملک کی ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر ، خلائی شعبے میں بے مثال ترقی ، تحقیق و جدت اور کوانٹم ٹیکنالوجی ، مصنوعی ذہانت ، سیمیکنڈکٹرز ، سبز توانائی اور بائیو ٹیکنالوجی میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کو اجاگر کیا ۔انہوں نے کہا ’’ 2047 تک ایک ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر ہمارا قومی عزم ہے ۔ اس وقت تک آپ میں سے بہت سے لوگ اپنے کیرئیر کی بلند ترین چوٹیوں پر ہوںگے ۔ اس لئے ایک ترقی یافتہ بھارت کسی اور نسل کا نعرہ نہیں ہے ، یہ آپ کی زندگی کی کامیابیوں کا جوہر ہو گا ۔ یہ آپ کے دورِ ملازمت کی کامیابی کی علامت ہو گا ،اور یہ آپ کی زندگیوں کا سب سے بڑا مقصد اور کارنامہ ہو گا ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ بھارت میں اب تقریباً 223000 اسٹارٹ اپس اور 135 یونی کارنز ہیں اور بہت سے بانی چھوٹے شہروں سے تعلق رکھتے ہیں جو مواقع اور کاروبار کی حقیقی جمہوری کاری کی عکاسی کرتا ہے ۔لفٹینٹ گورنر نے ’’ ڈیموگرافک ڈیویڈنڈ‘‘ پر ایک نیا زاویہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسے ’’ ڈیمو گرافک ذمہ داری ‘‘ کہنا زیادہ پسند کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا ’’ معاشرہ اس وقت فائدہ اٹھائے گا جب نوجوان کسانوں کو منڈیوں سے جوڑیں گے ، خواتین کی سیلف ہیلپ گروپس روز گار پیدا کرنے والے ادارے بن جائیں گی اور انجینئر دور دراز علاقوں کیلئے سستے طبی آلات تیار کریں گے ۔ ‘‘
لفٹینٹ گورنر نے ہیومینیٹیز کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا ’’ ٹیکنالوجی ہمیں بتاتی ہے کہ ہم کیا کر سکتے ہیں جبکہ ہیومینیٹیز ہمیں سکھاتی ہے کہ ہمیں کیا کرنا چاہئیے ۔ قوم کو انجینئروں کے ساتھ مورخین اور سائنسدانوں کے ساتھ موسیقاروں کی بھی ضرورت ہے ۔ ‘‘ اگر ہم معاشرے کی فکری دولت اور صلاحیت کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں سائنسدانوں کے ساتھ موسیقاروں کی بھی ضرورت ہے ۔ اس کیلئے نوجوان نسل کو غیر متزلزل ہمت کے ساتھ جدوجہد کیلئے تیار ہونا چاہئیے ۔ مصنوعی ذہانت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اے آئی اور انسانوں کے درمیان تعلق شراکت داری کا ہو گا مقابلے کا نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی ہمارے کام کرنے کے طریقے کو تبدیل کر دے گی لیکن کام کے مقصد کا تعین انسانوں کی ذمہ داری ہی رہے گی ۔ لفٹینٹ گورنر نے یہ بھی کہا کہ اے آئی پرانی معلومات کی بنیاد پر نئے جوابات فراہم کر سکتی ہے لیکن نئے سوالات دریافت کرنے کی ہمت انسانوں میں ہی رہے گی ۔ انہوں نے کہا ’’ اے آئی کے پاس رفتار اور ڈیٹا ہو گا لیکن انسان سمت ، ہمدردی اور نئے سوالات پوچھنے کی ہمت فراہم کریں گے ۔ اے آئی کو تہذیبی اصولوں ، اقدار اور جوابدہی سے رہنمائی ملنی چاہئیے اور اس کی ترقی انسانی فلاح و بہبود پر مبنی ہونی چاہئیے نہ کہ صرف منافع اور پیداواریت پر ۔ ‘‘ اس موقع پر لفٹینٹ گورنر نے طلبہ کو پانچ قراردادیں بھی دیں ۔ پہلی کبھی سیکھنا بند نہ کریں ، مواقع صرف تلاش کرنے کے بجائے خود پیدا کریں ، ایمانداری اور اخلاقیات کو برقرار رکھیں ، پیچھے چلنے والوں کی مدد کریں اور عمل کے ذریعے قوم سے محبت کا اظہار کریں ۔ اس موقع پر کلسٹر یونیورسٹی آف جموں کے وائس چانسلر پروفیسر کے ایس چندر شیکھر نے یونیورسٹی کی رپورٹ پیش کی ۔ کنووکیشن کی تقریب میں وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ ، وزیر برائے سکول ایجوکیشن، ہائیر ایجوکیشن اور جل شکتی محترمہ شمیم فردوس ، کلسٹر یونیورسٹی آف جموں کی رجسٹرار ،مختلف شعبہ جات کے سربراہان ،فیکلٹی ممبرن ، طلباء اور ان کے والدین نے شرکت کی ۔ اس موقع پر رُکن پارلیمنٹ مسٹرجگل کشور ، قانون ساز اسمبلی کے رُکن اروند گپتا ،مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان ، معزز شہری اور سول و پولیس انتظامیہ کے افسراننے بھی شرکت کی ۔










