ساگر نے جموں میں اہم گرڈ اسٹیشنوں کا دورہ کیا ، بجلی کے بنیادی ڈھانچے کا جائیزہ لیا

ساگر نے جموں میں اہم گرڈ اسٹیشنوں کا دورہ کیا ، بجلی کے بنیادی ڈھانچے کا جائیزہ لیا

چھ ماہ کے اندر توسیعی و بہتری کے کام مکمل کرنے کی ہدایت

جموں//محکمہ بجلی ( پی ڈی ڈی ) ، ریونیو ، ریلیف و بحالی ، انتخابات اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، ریلیف ، بحالی اور تعمیر نو ( ڈی ایم آر آر آر ) کے وزیر علی محمد ساگر نے آج جموں شہر اور اس کے ملحقہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا ۔ اس دورے کا مقصد بجلی کے موجودہ بنیادی ڈھانچے کا جائیزہ لینا ، جاری توسیعی و بہتری کے کاموں کی پیش رفت کا اندازہ لگانا اور عوامی شکایات کا جائیزہ لینا تھا ۔ دورے کے دوران وزیر نے گلاڈنی ، کینال روڈ اور جانی پور میں واقع اہم گرڈ اسٹیشنوں کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے بڑی براہمناں ، سدھڑا ، جگٹی ، اکھنور اور کالا کوٹ سمیت دیگر اہم علاقوںمیں بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے گھریلو ، تجارتی اور صنعتی شعبوں میں بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر بجلی کی بلا تعطل اور قابلِ اعتماد فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ۔ جموں شہر کو بجلی فراہم کرنے والے ایک اہم مرکز گلاڈنی گرڈ سٹیشن پر وزر کو بتایا گیا کہ یہاں بجلی سلال اور کشن پور سے موصول ہوتی ہے اور یہ 220/132/33 کے وی سسٹم پر مشتمل ہے ۔ اس اسٹیشن پر فی الحال 132/33 کے وی کے چار ٹرانسفارمر نصب ہیں جن میں سے ہر ایک کی صلاحیت 50 ایم وی اے ہے جس سے مجموعی ٹرانسفارمیشن صلاحیت 200 ایم وی اے بنتی ہے ۔ متعلقہ افسران کو جاری تمام کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے مسٹر ساگر نے کہا کہ بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا حکومت کی ترجیح ہے اور صارفین کو بجلی کی قابلِ اعتماد اور معیاری فراہمی یقینی بنائی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے زوردیا کہ گرڈ کی صلاحیت میں اضافہ ، پرانے آلات کی تبدیلی ، اور مناسب بیک اپ انتظامات کا قیام ایک منصوبہ بند اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جانا چاہئیے ۔ وزیر نے محکمہ کو ہدایت دی کہ صلاحیت میں اضافے اور ٹرانسفارمرز کی تبدیلی کے تمام جاری کام چھ ماہ کے اندر مکمل کئے جائیں ۔ انہوں نے مستقبل میں گھریلو ، تجاری اور صنعتی سطح پر بجلی کی ضروریات کا حقیقت پسندانہ تخمینہ لگانے پر بھی زوردیاتا کہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ بجلی کا بنیادی ڈھانچہ جموںشہر اور اس کے ملحقہ علاقوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے ساتھ ہم آہنگ رہے ۔ وزیر کے ہمراہ ایم ڈی جے پی ٹی سی ایل ، چیف انجینئرز اور محکمہ کے اعلیٰ افسران بھی تھے ۔