حقیقی کنٹرول لائن پر فوجیوں کی مستقل تعیناتی کیلئے صلاحیت میں نمایاں اضافہ
سرینگر / / این این بی // چین کے ساتھ ہندوستان کی سرحد گزشتہ چند برسوں کے دوران زیادہ فعال ہوگئی ہے اور سرحدی علاقوں میں فوجیوں کی بڑی تعداد کو مستقل بنیادوں پر تعینات رکھنے کے لیے ملک کی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئی ہے کی بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی میں بنیادی ڈھانچے پر خصوصی توجہ دی گئی ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق ہندوستان ٹائمز لیڈرشپ سمٹ میں ایک تعاملی نشست سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ ہندوستان نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے ساتھ بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے سڑکوں، سرنگوں، پلوں اور ہوائی اڈوں سمیت متعدد منصوبوں پر کام کیا ہے۔ ان کے مطابق سرحدی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے نتیجے میں وہاں فوجی تعیناتی کو برقرار رکھنا پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان ہوا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں سرحدی علاقوں سے متعلق ایسی خبریں زیادہ تواتر کے ساتھ سامنے آ رہی ہیں جن میں نئی سرنگوں، پلوں اور ہوائی پٹیوں کی تعمیر یا تکمیل کا ذکر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج صورتحال یہ ہے کہ چین کے ساتھ ہندوستان کی سرحد ایک طرح سے کہیں زیادہ فعال ہوگئی ہے اور اس کے لیے ہندوستانی فوجیوں کی زیادہ تعداد کو مسلسل بنیادوں پر سرحد پر برقرار رکھنے کی ضرورت پڑی ہے۔جے شنکر کے مطابق ہندوستان نے جو بنیادی ڈھانچہ پہلے ہی تیار کیا تھا۔ اس نے سرحدی علاقوں میں فوجیوں کی بڑی تعداد کو تعینات کرنے میں مدد دی، جبکہ جاری تعمیراتی کام مستقبل میں بھی اس صلاحیت کو برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہوں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ 2020 میں مشرقی لداخ کی گلوان وادی میں ہونے والی ہلاکت خیز جھڑپوں کے بعد ہندوستان نے ایل اے سی پر اپنی فوجی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرحد پر فوجیوں کو تیزی اور موثر انداز میں تعینات کرنے کی ہندوستان کی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ سرحدی بنیادی ڈھانچے میں ہونے والی ترقی نے نہ صرف فوجیوں کی نقل و حرکت بلکہ دور دراز علاقوں تک رسد اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کو بھی بہتر بنایا ہے۔جے شنکر نے کہا کہ چین کے ساتھ سرحدی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کئی دہائیوں تک مطلوبہ توجہ حاصل نہیں کرسکی۔انہوں نے کہا کہ تقریباً ایک دہائی قبل تک سرحدی بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے بارے میں باتیں ضرور کی جاتی تھیں اور منصوبے بھی تیار کیے جاتے تھے، تاہم عملی سطح پر سڑکوں، سرنگوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی تعمیر کی رفتار اتنی نہیں تھی جتنی ضرورت تھی۔ان کے مطابق اگر زمینی صورتحال کا جائزہ لیا جائے اور سال بہ سال تعمیر ہونے والی سڑکوں کی لمبائی، بنائی جانے والی سرنگوں اور سرحدی علاقوں میں دیگر بنیادی ڈھانچے کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے تو گزشتہ ایک دہائی کے دوران اس شعبے میں آنے والی تبدیلی واضح طور پر نظر آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی عرصے میں سرحدی بنیادی ڈھانچے کیلئے توجہ، وسائل اور پالیسی سطح پر زور میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔وزیر خارجہ نے ہندوستان اور چین کے درمیان اقتصادی عدم مساوات سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی اقتصادی صورتحال ہمیشہ ایسی نہیں تھی جیسی آج دکھائی دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے 1990 کی دہائی میں اصلاحات کے ذریعے صورتحال کو درست کرنے کی کوشش کی، لیکن مختلف شعبوں میں اصلاحات کو مسلسل آگے بڑھانے اور صنعتی صلاحیت کو اسی رفتار سے بڑھانے میں کامیابی نہیں ملی۔جے شنکر نے کہا کہ ہندوستان کے سامنے اب چین کے ساتھ موجود اقتصادی عدم مساوات کو کم کرنے کا چیلنج ہے، تاہم اس مقصد کے لیے ہندوستان روایتی راستے پر چل کر محض کیچ اپ نہیں کرسکتا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان کو ہر شعبے میں چین کے ساتھ براہِ راست مقابلہ کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ ان شعبوں کی نشاندہی کرنی ہوگی جہاں ہندوستان بڑی تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔جے شنکر نے کہا کہ اقتصادی عدم مساوات کی صورتحال میں ہر معاملے پر ایک ہی انداز سے مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔ ان کے مطابق ہندوستان کو ان شعبوں پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی جہاں وہ اپنی صلاحیت اور وسائل کے ذریعے زیادہ مو ¿ثر نتائج حاصل کرسکتا ہے۔انہوں نے مودی حکومت کی جانب سے مینوفیکچرنگ اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں کیے جانے والے اقدامات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ہندوستان کو ماضی میں ضائع ہونے والے مواقع کی تلافی کرتے ہوئے مستقبل کی صنعتی اور اقتصادی صلاحیت کو تیزی سے بڑھانا ہوگا۔
وزیر خارجہ کے مطابق چین کے ساتھ سرحدی صورتحال اور اقتصادی عدم مساوات دونوں ایسے چیلنجز ہیں جن سے نمٹنے کیلئے مضبوط بنیادی ڈھانچے، بہتر فوجی تعیناتی کی صلاحیت، صنعتی ترقی اور اپنی مخصوص قومی طاقتوں کو مضبوط بنانے پر مسلسل توجہ ضروری ہے۔










