وزیر اعلیٰ نے کلسٹر یونیورسٹی آف جموں کے پہلے کنووکیشن میں شرکت کی

وزیر اعلیٰ نے کلسٹر یونیورسٹی آف جموں کے پہلے کنووکیشن میں شرکت کی

یونیورسٹیوں کیلئے بہتر تعلیمی بنیادی ڈھانچے ، فیکلٹی کی تعداد میں اضافے اور ادارہ جاتی خود مختاری کے حوالے سے حکومت کی حمایت کا اعادہ کیا

جموں//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے ابھینو تھیٹر میں کلسٹر یونیورسٹی آف جموں کے پہلے کنوووکیشنمیں شرکت کی ۔ انہوں نے اس ادارے کو ایک جرات مندانہ تعلیمی تجربہ قرار دیا جس کا مقصد خطے کی مضبوط ترین تعلیمی روایات کو یکجا کرنا اور اعلیٰ تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے ۔ تامل ناڈو کے گورنر مسٹر راجیندر وشوا ناتھ آرلیکر نے بطور مہمان خصوصی کنووکیشن میں شرکت کی جبکہ لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا جو یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں ، نے تقریب کی صدارت کی ۔اس موقع پر وزیر برائے اعلیٰ تعلیم اور یونیورسٹی کی پروچانسلر شمیم فردوس ، جموں سے رُکن پارلیمنٹ مسٹر جگل کشور شرما ، رکن اسمبلی اروند گپتا ، اور وائس چانسلر پروفیسر کے ایس چندر شیکھر بھی موجود تھے ۔ گرجویٹ ہونے والے طلباء اور گولڈ میڈلسٹ طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے انہیں پیش رو ( پائینیرز ) قرار دیا جن کی کامیابیاں آنے والی نسلوں کے لئے بنیاد فراہم کریں گی ۔ انہوں نے گریجویٹس کے تعلیمی سفر کو تشکیل دینے میں والدین ، خاندانوں اور اساتذہ کے کردار اور قربانیوں کا بھی اعتراف کیا ۔ تا ہم وزیر اعلیٰ نے مشترکہ بنیادی ڈھانچے ، ڈیجیٹل رابطوں ، جدید لیبارٹریوں اور خاص طور پر پونچھ ، راجوری ، ڈوڈہ اور کشتواڑ جیسے دور دراز علاقوںسے تعلق رکھنے والے طلباء کیلئے ہوسٹل کی سہولیات میں مسلسل سرمای کاری کی ضرورت پر زوردیا ۔ انہوں نے تعلیمی کلینڈروں اور ایگزمینیشن سائیکل کے بروقت ہونے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ کسی بھی طالب علم کا تعلیمی سال امتحانات کے انتظار یا ڈگری ملنے میں تاخیر کی وجہ سے ضائع نہیں ہونا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا ’’ میری حکومت ہماری یونیورسٹیوں کو ضروری ادارہ جاتی معاونت ، تعلیمی خود مختاری ، فیکلٹی کی مناسب تعداد اور بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے تا کہ وہ علم ،جدت طرازی اور علاقائی مسائل کے حل کے حقیقی مراکز بن سکیں ۔ ‘‘ فارغ التحصیل طلباء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں بالخصوص مصنوعی ذہانت کے ظہور نے روز گار کے منظر نامے کو تبدیل کر دیا ہے جس سے مسلسل سیکھنے ، تنقیدی سوچ ، فیصلہ اور ہمدردی کو اہمیت حاصل ہو رہی ہے ۔ انہوں نے نوجوان گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ روائتی کیرئیر کے راستوں سے ہٹ کر انٹر پرنیور شپ اور ابھرتے ہوئے معاشی مواقع تلاش کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف سرکاری ملازمت ہی ہر گریجویٹ کو جذب نہیں کر سکتی ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پائیدار خوشحالی تب آئے گی جب ہمارے نوجوان خصوصی طور پر ملازمت کے متلاشی ہونے سے آگے بڑھیں گے اور قدر پیدا کرنے والے ،اختراع کار اور کاروباری بنیں گے ۔ زرعی کاروبار اور فوڈ پروسیسنگ ، پائیدار سیاحت ، ثقافتی ورثہ ، قابلِ تجدید توانائی ، ڈیزاسٹر ریسیلنس اور ڈیجیٹل اکانومی کو نمایاں صلاحیت کے حامل شعبوں کے طور پر شناخت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ کاروباری اداروں کی ترقی اور روز گار پیدا کرنے کیلئے اپنے علمی علم سے فائدہ اٹھائیں ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ جموں و کشمیر کی زرعی پیداوار بشمول باسمتی چاول ، بھدرواہ راجماش ، زعفران ، اخروٹ ، کلاڈی اور لیموں کے پھل قدر میں اضافے ، برانڈنگ اور وسیع منڈیوں تک رسائی کیلئے کافی گنجائش پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گریجویٹس ہیریٹیج ٹورازم ، ایکو ٹورازم ، ڈیجیٹل میڈیا ، قابل تجدید توانائی ، آب و ہوا سے لچکدار انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی سے چلنے والی خدمات میں مواقع تلاش کر سکتے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو مضبوط بنا کر ، کلیئرنس کو آسان بنا کر اور کریڈٹ تک رسائی کو بہتر بنا کر نوجوان کاروباریوں کی مدد کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔ کردار اور سماجی ذمہ داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ تاحیات سیکھنے والے رہیں ، محنت کے وقار کا احترام کریں ، سالمیت کو برقرار رکھیں ، اپنی برادریوں سے جُڑے رہیں اور اپنی ذہنی اور جسمانی تندرستی کو ترجیح دیں ۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے تکثیری ثقافتی اقدار اور ورثے کو لے کر جائیں جہاں ان کا پیشہ وارانہ سفر انہیں لے کر گیا جبکہ اپنے آبائی علاقے کی ترقی میں اپنی صلاحیتوں ، تجربے اور خیالات کا حصہ ڈالیں ۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے دیگر معززین کے ہمراہ فارغ التحصیل طلباء کو میڈلز اور اسناد پیش کیں ۔