سری نگر//جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (BOSE) نے ہفتہ کو 10ویں،11ویں اور12ویں جماعت کے سالانہ ریگولر امتحانات2023 کیلئے عارضی ڈیٹ شیٹ کا اعلان کیا ہے جونرم زون والے علاقوں میںباترتیب9،6اور4مارچ سے اور ہارڈڈ زون والے علاقوں میں11،10اور8 اپریل سے لئے جائیں گے ۔یہ پہلی بار ہے کہ پورے جموں و کشمیر کے طلباء ایک ساتھ بالترتیب مارچ اور اپریل کے سیشن میں سالانہ باقاعدہ بورڈ امتحان میں شرکت کریں گے۔جے کے این ایس کے مطابق جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کے ڈائریکٹر اکیڈمیکس کی جانب سے 7جنوری 2023کوجاری کی گئی ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نرم زون میں کلاس 12ویں کے سالانہ باقاعدہ امتحانات عارضی طور پر4 مارچ سے شروع ہوں گے جبکہ ہارڈ زون میں12ویں جماعت کے سالانہ امتحانات8 اپریل سے شروع ہوں گے۔مذکورہ بورڈ کے مطابق 11ویں جماعت کے سالانہ باقاعدہ امتحانات بالترتیب6مارچ سے نرم زون اور10 اپریلسے ہارڈ زون میں منعقد کیے جائیں گے۔اسی طرح دسویں جماعت کے امتحانات نرم زون میں9 مارچ اور ہارڈ زون میں11 اپریل سے شروع ہوں گے۔بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (BOSE) نے جموں و کشمیر کے دونوں ڈویڑنوں یعنی کشمیراور جموں میں ایسے444 اسکولوں کی نشاندہی کی ہے جن کے سالانہ باقاعدہ امتحانات مارچ کے بجائے اپریل کے مہینے میں منعقد کیے جائیں گے۔اس کے علاوہ بورڈ نے مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ کے پورے لیہہ ضلع کو بھی ہارڈ زون قرار دیا ہے اور اس کے مطابق وہاں 10ویں،11ویں اور12ویں جماعت کے سالانہ ریگولر امتحانات2023 ،اپریل کے مہینے میں منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے۔نوٹیفکیشن کے آخرمیں ڈائریکٹر اکیڈمکس BOSEنے کہاکہ ہارڈ زون والے علاقوں کو بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی آفیشل ویب سائٹ www.jkbose.nic.inپرپہلے ہی مطلع کیاگیاہے ۔










