G20میٹنگ میں بیجنگ کی عدم شرکت پرجتندرسنگھ کاردعمل
سری نگر//مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے منگل کو کہا کہ سری نگر میں جی20 اجلاس میں چین کی شرکت نہ کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور یہ ان(چین) کا نقصان ہے، ہندوستان کا نہیں۔جے کے این ایس کے مطابق شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سنٹر (SKICC) میں جی 20 ٹورازم ورکنگ گروپ کی تیسری میٹنگ کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر جتندرسنگھ نے کہاکہ اس سے (چین کی میٹنگ میں شرکت نہ کرنا) کوئی فرق نہیں پڑتا۔ چین کا نہ آنا چین کا نقصان ہے، ہندوستان کا نہیں۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا بیجنگ کی عدم شرکت کا تعلق مشرقی لداخ سرحدی تعطل سے ہے، جتندرسنگھ نے کہا کہ وزارت خارجہ اس پر کوئی فیصلہ کرے گی۔کشمیر میں جی 20 پروگرام کے انعقاد پرڈاکٹرجتندر سنگھ نے کہا کہ مختلف مقامات مندوبین کو ان مقامات کے بارے میں اندازہ دیں گے جہاں وہ جاتے ہیں۔وزیر اعظم کے دفتر میں مرکزی وزیر مملکت نے مزید کہاکہ ہم یورپ کے کچھ ممالک کی طرح ایک چھوٹی، یکساں قوم نہیں ہیں۔ ہم ایک متنوع ملک ہیں ۔کشمیر پر پاکستانی پروپیگنڈے کے بارے میں پوچھے جانے پرموصوف وزیر نے کہا کہ عام لوگ آگے بڑھ چکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ عام آدمی آگے بڑھ گیا ہے۔ اگر آپ نے سری نگر کی سڑکوں پر کسی آدمی سے بات کی تو وہ آزادانہ بات نہیں کر سکتا۔ لیکن دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی سے خوف کا پردہ ہٹایا جا رہا ہے۔ڈاکٹر جتندرسنگھ نے پیرکوکہاتھاکہ کشمیر میں تبدیلی آئی ہے اور سری نگر کی سڑکوں پر عام لوگ آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ ان کی دو نسلیں (ملی ٹنسی کی وجہ سے) ضائع ہو چکی ہیں۔










