Yasin malik

یاسین ملک کی تہاڑ جیل میں غیرمعینہ بھوک ہڑتال

نئی دہلی ۔ دہلی کی تہاڑ جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے کشمیری علیحدگی پسند رہنما یاسین ملک نے غیرمعینہ بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔ ملک کا الزام ہے کہ ان کے کیس کی مناسب تفتیش نہیں کی جا رہی ہے۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے سربراہ علیحدگی پسند کشمیری رہنما یاسین ملک نے جمعے کے روز سے کھانے سے انکار کر رکھا ہے اورغیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر چلے گئے ہیں۔ یاسین ملک کو ہندوستان کی قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) کی ایک خصوصی عدالت نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق قانون اور دیگر ہندوستانی تعزیرات کے تحت رواں برس مئی میں دو عمر قید اور مختلف دیگر سزائیں سنائی تھی۔ یہ تمام سزائیں ایک ساتھ چل رہی ہیں۔ خصوصی عدالت نے ان پر دس لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔ یاسین ملک نے اپنے اوپرعائد الزامات کے خلاف اعلیٰ عدالت سے رجو ع نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ این آئی اے کی خصوصی عدالت نے یاسین ملک کے علاوہ جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ محمد سعید اور حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کے خلاف بھی عمر قید کے فیصلے سنائے تھے۔ تہاڑ جیل کے حکام نے یاسین ملک کے غیر معینہ بھوک ہڑتال پر چلے جانے کی تصدیق کی ہے۔ جیل کے سینئر حکام نے میڈیا کو بتایا، جیل حکام نے ان سے ملاقات کی اور ان کے مطالبات کے بارے میں دریافت کیا۔ ملک نے انہیں بتایا کہ ان کے کیس کی مناسب اندازمیں تفتیش نہیں ہو رہی ہے۔ جیل حکام نے انہیں اپنا بھوک ہڑتال ختم کرنے کے لیے منانے کی کوشش کی تاہم انہوں نے انکار کردیا۔