تکیہ حیات پورہ میں 40 لاکھ روپے کی لاگت سے سڑکوں کی اَپ گریڈیشن کا کام شروع
بڈگام//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے پکھرپورہ میں حضرت سلطان علی عالی بلخی ؒ کے عرس کے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں مناسب شہری سہولیات ،ضروری خدمات کی بلا تعطل فراہمی اور عقیدت مندوں کے لئے انتظامات اور خدمات کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دورانِ میٹنگ اُنہوںنے مختلف محکموں کی طرف سے کئے جا رہے اِنتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور عرس کے دوران تمام ضروری اقدامات کو مربوط اور بروقت مکمل کرنے کے لئے متعدد ہدایات جاری کیں۔اُنہوں نے پہلے سے تیاری کرنے اورقریبی محکمہ جاتی تال میل کی ضرورت پر زور دیا بالخصوص اس اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ عرس کے دوران بقعہ عالیہ کی زیارت کے لئے بڑی تعداد میں عقیدت مند آنے کی توقع ہے۔عبدالرحیم راتھر نے پینے کے پانی کے مناسب پوائنٹس قائم کرنے اور کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے متبادل اِنتظامات رکھنے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ زیارت گاہ اور دیگر اہم مقامات پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ متعلقہ اداروں کو مناسب صفائی کی سہولیات، کافی تعداد میں صفائی عملے کی تعیناتی اور عرس کے دوران باقاعدگی سے کوڑاکرکٹ اُٹھانے کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی گئی۔اُنہوںنے صحت کی سہولیات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ اہم مقامات پر بالخصوص بڑے اجتماعات کے دوران، طبی ٹیمیں، ضروری ادویات، ایمبولینسز اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات دستیاب رکھی جائیں۔ اُنہوں نے کسی بھی میڈیکل ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مناسب تیاریوں پر زور دیا اور ہدایت دی کہ ایمرجنسی رسپانس میکانزم پورے ایونٹ میں فعال رہیں۔سپیکر موصوف نے عقیدت مندوں اور گاڑیوں کی آمدورفت کو منظم کرنے کے لئے جامع ٹریفک اور ٹرانسپورٹ مینجمنٹ پلان پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے مناسب پارکنگ مقامات کی نشاندہی، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، راستوں کا مناسب انتظام اور کافی اہلکاروں کی تعیناتی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ٹریفک جام اور عقیدت مندوں کو کسی قسم کی دشواری سے بچایا جا سکے۔اُنہوںنے متعلقہ محکموں کو بڑے اجتماعات سے قبل وسیع پیمانے پر صفائی اور حفظانِ صحت کی مہم چلانے اور عرس کے پورے دورانیے میں صفائی کا معیار برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے کہا کہ رابطہ سڑکوں، عوامی مقامات، پارکنگ ائیریاز، صفائی وستھرائی کے مقامات اور دیگر ایسے مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے جہاں عوام کی زیادہ آمدورفت متوقع ہو۔ اُنہوں نے پکھرپورہ کی گلیوں اور اندرونی راستوں میں مناسب سٹریٹ لائٹنگ اور عرس شریف سے قبل زیارت گاہ کے احاطے میں مناسب روشنی پر بھی زور دیا۔اُنہوںنے عرس کے دوران چاول، آٹا، چینی، رسوئی گیس اورتیل خاکی سمیت ضروری اشیائے خوردونوش کی وافر دستیابی اور بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے عقیدت مندوں کی متوقع بھاری بھیڑ کے پیش نظر مقامی صارفین کے لئے اضافی راشن کوٹا فراہم کرنے کی درخواست کی تاکہ مقامی آبادی کی معمول کی ضروریات متاثر نہ ہوں۔سپیکر موصوف نے بازار کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو عرس کے دوران دکانوں اور عارضی سٹالوں کی باقاعدہ چیکنگ کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے کھانے پینے کی اشیأ کے معیار و صفائی، قیمتوں، وزن اور پیمائش کی سخت جانچ پر زور دیا تاکہ عقیدت مندوں کو معیاری اشیائے خوردونوش فراہم کی جائیں اور انہیں زائد قیمت وصول کرنے یا دیگر غیر قانونی طریقوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔اُنہوں نے ٹرانسپورٹ اور ٹریفک اِنتظامات کے بارے میں متعلقہ اداروں کو مناسب پبلک ٹرانسپورٹ کی دستیابی یقینی بنانے اور عقیدت مندوں کی سہولیت کے لئے مخصوص پارکنگ اور ڈراپ آف/پک اپ پوائنٹس مقرر کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے ایمبولینسوں اور دیگر ہنگامی گاڑیوں کی بلا روک ٹوک رسائی کو یقینی بناتے ہوئے جہاں ضروری ہو وہاں موڑ سمیت موثر ٹریفک ریگولیشن پر بھی زور دیا۔میٹنگ میں متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران موجود تھے۔اِس سے قبل سپیکر عبدالرحیم راتھر نے تکیہ حیات پورہ میں اندرونی رابطہ سڑکوں کی اپ گریڈیشن اور بلیک ٹاپنگ کے کام کا آغاز کیا۔ یہ منصوبہ تقریباً 40 لاکھ روپے کی تخمینی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے۔یہ منصوبہ مقامی باشندوں کے دیرینہ مطالبہ کو پورا کرتا ہے جو کافی عرصے سے علاقے میں بہتر سڑک رابطے اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کا مطالبہ کر رہے تھے۔اِس موقعہ پرسپیکر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہتر سڑک رابطہ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے کیو ں کہ اچھی حالت میں موجود سڑکیںلوگوںکے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت، بازاروں اور دیگر ضروری خدمات تک رسائی میں اہم کردار اَدا کرتی ہیں۔اُنہوںنے کہا کہ حکومت دیہی اور نیم شہری علاقوں میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور عوام کو محفوظ، دیرپااور ہر موسم میں رابطے کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔










