سرینگر//جموں کشمیر رورل لائیولی ہُڈز مشن ( جے کے آر ایل ایم ) کے زیر اہتمام کشمیر ڈویژن کے ہوم اسٹے مالکان کیلئے ایک دو روزہ تربیتی کم ورکشاپ شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچر سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ( سکاسٹ ) شالیمار میں اختتام پذیر ہوئی ۔ کمشنر سیکرٹری دیہی ترقی محکمہ ( آر ڈی ڈی ) اور پنچائتی راج مندیپ کور ، مشن ڈائریکٹر جے کے آر ایل ایم اندو کنول چب ، سی ای او او وائی او انکت گپتا ، ایڈیشنل مشن ڈائریکٹر جے کے آر ایل ایم ریاض بیگ ، امید کے ایس ایچ جی ممبران کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران پروگرام کے اختتامی دن پر موجود تھے ۔ ورکشاپ کا انعقاد عالمی ٹریول ٹیکنالوجی کمپنی او وائی او کے تعاون سے کیا گیا ۔ ورکشاپ کا بنیادی مقصد ایس ایچ جی کے اراکین کو او وائی او ٹیم کی طرف سے ہوم اسٹے کے مالکان کو فراہم کی جانے والی خدمات کے حوالے سے سہولت فراہم کرنا تھا ۔ او وائی او دہلی کے ماہرین کی ٹیم نے کشمیر ڈویژن کے 200 ہوم اسٹے مالکان کو تربیت دی ۔ پروگرام کے دوسرے دن ہوم اسٹے کے مالکان کو مہمان نوازی ، ہوم اسٹے کی بنیادی ضروریات ، تاثرات کی اہمیت ، او وائی او ان کے ہوم اسٹے کاروبار کو بڑھانے میں کس طرح مدد کر سکتا ہے وغیرہ کے بارے میں تربیت دی گئی ۔ اس موقع پر کمشنر سیکرٹری آر ڈی ڈی نے ایس ایچ جی ممبران کی طرف سے جے کے آر ایل ایم کے ذریعے کی گئی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ امید کے تحت خواتین کے ایس ایچ جیز نے نہ صرف دستکاری کے شعبے میں ترقی کی ہے بلکہ وہ خدمات کے شعبے کی طرح کاروباری منصوبوں کے نئے ڈومینز میں داخل ہو رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دو روزہ پروگرام کا مقصد ہوم اسٹے کے مالکان کو ہنر مندانہ تربیت دینا تھا ۔ تربیتی پروگرام کے اختتام پر سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب بھی منعقد کی گئی جس کے دوران ممکنہ ہوم اسٹے مالکان کو سرٹیفکیٹ دئیے گئے ۔










