ہند،برطانیہ تجارتی معاہدہ نافذ، کسانوں اور چھوٹی و درمیانہ درجے کی صنعتوں کو فائدہ ہوگا

ہند،برطانیہ تجارتی معاہدہ نافذ، کسانوں اور چھوٹی و درمیانہ درجے کی صنعتوں کو فائدہ ہوگا

بھارت،برطانیہ ’سی ای ٹی اے‘ کا نفاذ، دوطرفہ اقتصادی تعلقات میں نئے دور کا آغاز// وزیر اعظم نریندر مودی

سرینگر// وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت اور برطانیہ کے درمیان جامع اقتصادی و تجارتی معاہدے اور سوشل سکیورٹی معاہدے کے باضابطہ نفاذ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری میں ایک تاریخی اور اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان معاہدوں کے عملی نفاذ سے نہ صرف دوطرفہ تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے بلکہ سرمایہ کاری، روزگار اور مختلف اقتصادی شعبوں میں بھی نئی راہیں کھلیں گی۔یو این ایس کے مطابق وزیر اعظم نے بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی روابط پہلے ہی مضبوط ہیں، تاہم ان معاہدوں کے نافذ ہونے سے باہمی تعاون کو مزید وسعت ملے گی اور دونوں ممالک کے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ ان کے مطابق یہ معاہدے مشترکہ ترقی، خوشحالی اور اقتصادی تعاون کے وڑن کو عملی جامہ پہنائیں گے۔مودی نے کہا کہ سی ای ٹی اے سے بھارتی کسانوں، صنعت کاروں، برآمد کنندگان، کاروباری طبقے اور مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ایز) کو نئی منڈیاں میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے ذریعے زرعی، صنعتی، ٹیکسٹائل، انجینئرنگ، فارماسیوٹیکل اور دیگر کئی شعبوں کی مصنوعات کو برطانوی مارکیٹ تک بہتر رسائی حاصل ہوگی، جس سے برآمدات میں اضافہ اور ملکی معیشت کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔وزیر اعظم کے مطابق معاہدے سے ٹیکنالوجی، اختراع (انوویشن)، پیشہ ورانہ خدمات، ڈیجیٹل معیشت اور ہنر مندی کے شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بھارتی پیشہ ور افراد اور ہنر مند افرادی قوت کے لیے برطانیہ میں روزگار اور خدمات کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مہارت، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے کو بھی نئی رفتار ملے گی۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے سوشل سکیورٹی معاہدے کو بھی اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے برطانیہ میں کام کرنے والے بھارتی پیشہ ور افراد اور ملازمین کو فائدہ ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان افرادی قوت کی نقل و حرکت مزید آسان بنے گی۔ مودی نے اس موقع پر اس امید کا اظہار کیا کہ یہ معاہدے مستقبل میں بھارت اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور تزویراتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔