50 کروڑ لوگوں کو انتہائی غربت سے باہر نکالنا آزادی کے بعد ہندوستان کی بڑی کامیابی / وزیر اعظم مودی
سرینگر / این این بی // ملک میں نکسل تشدد سے سب سے زیادہ متاثر قبائلی برادریاں ہوئی ہیں اور انہیں طویل عرصے تک ناانصافی، محرومی اور بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا کرنا پڑا کی بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے سابقہ حکومتوں پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے قبائلی علاقوں اور وہاں رہنے والے لوگوں کے مسائل کو نظرانداز کیا اور انہیں اپنے حال پر چھوڑ دیا۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق مہاراشٹر کے ضلع گڑچرولی میں منعقدہ جن جاتیہ گورو دیوس کی تقریب سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ قبائلی برادریوں نے ہمیشہ ناانصافی کے خلاف آواز بلند کی ہے اور اپنے حقوق، شناخت اور وقار کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی ہے۔ تاہم نکسل تشدد نے ان کی زندگیوں، ترقی اور سماجی و اقتصادی حالات کو شدید متاثر کیا۔انہوں نے کہا کہ نکسل تنظیموں نے قبائلی برادریوں کو ان کے جمہوری حقوق سے بھی محروم رکھا اور انہیں ووٹ ڈالنے کے حق کے استعمال سے روکا، لیکن اس وقت کی حکومتیں خاموش تماشائی بنی رہیں۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ان کی حکومت نے ان قبائلی علاقوں کی ترقی کیلئے منظم اور مسلسل کوششیں کی ہیں، جہاں طویل عرصے تک بنیادی سہولیات کا فقدان رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ قبائلی علاقوں کی ترقی کے لیے ایک لاکھ کروڑ روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے، تاکہ وہاں تعلیم، صحت، روزگار، بنیادی ڈھانچے اور دیگر ضروری سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔غربت کے خاتمے کے لیے اپنی حکومت کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ تقریباً 50 کروڑ لوگوں کو انتہائی غربت سے باہر نکالنا آزادی کے بعد ہندوستان کی بڑی کامیابیوں میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں محروم اور پسماندہ طبقات کو ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا اور انہیں بہتر زندگی کے مواقع فراہم کرنا شامل ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے قبائلی علاقوں میں تعلیم، صحت، روزگار کے مواقع اور اجتماعی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے مقصد سے تقریباً 3 ہزار کروڑ روپے کی لاگت والے 246 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ان منصوبوں کا مقصد قبائلی آبادی کو بہتر تعلیمی سہولیات، معیاری طبی خدمات، معاشی سرگرمیوں کے مواقع اور جدید بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنا ہے، تاکہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔مجموعی طور پر 246 منصوبوں میں سے 173 منصوبوں کا افتتاح کیا گیا، جن میں قبائلی طلبہ کے لیے 38 ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول بھی شامل ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے تعلیم، صحت اور روزگار کے شعبوں کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں کے ذریعے قبائلی طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اسی طرح پی ایم جن من اسکیم کے تحت کثیر المقاصد مراکز کا قیام قبائلی آبادی تک مختلف بنیادی سہولیات اور سرکاری خدمات پہنچانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قبائلی برادریوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے اور انہیں ملک کی مجموعی ترقی میں بھرپور حصہ لینے کے قابل بنایا جائے گا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھگوان برسا منڈا کی جدوجہد، قربانی اور ناانصافی کے خلاف مزاحمت کے نظریات آج بھی ملک کے عوام، بالخصوص نوجوان نسل کے لیے تحریک کا ذریعہ ہیں۔










