’جنجاتیہ گورودیوس ‘پر بھگوان برسامنڈا اور قبائلی مجاہدین آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کیا
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے جھارکھنڈ سٹیٹ ہُڈ ڈے اور’ جنجاتیہ گورو دیوس‘ کے موقعہ پر جھارکھنڈ کے لوگوں کو دِلی مُبارک باد اور نیک خواہشات پیش کیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دِن بھگوان برسا منڈا اور بے شمار قبائلی مجاہدین آزادی کی غیر معمولی خدمات کو یاد کرنے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کاموقعہ ہے جنہوں نے قابلی کمیونٹیوں کی شناخت ، ثقافت اور حقوق کے تحفظ کے لئے نوآبادیاتی حکمرانی کے خلاف جدوجہد کی۔اُنہوں نے بھگوان برسا منڈا کو عقیدت بھرا خراجِ عقیدت پیش کیا اوران کی خودداری، اِنصاف اورخودمختاری کی قائم رہنے والی میراث کو یاد کیا۔اُنہوں نے کہا کہ 15؍نومبر کو’ جنجاتیہ گورو دیوس‘ کے طور پر منانا اِس بات کی عکاس ہے کہ قوم قبائلی کمیونٹیوں کی ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد اور ثقافتی ورثے میں قابل ذِکرکردار کی قدر کرتی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے جھارکھنڈ کو ایک الگ ریاست بنانے میں سابق وزیر اعظم شری اٹل بہاری واجپائی کے کردار کو بھی یاد کیا اور اسے ایک ایسا تاریخی قدم قرار دیا جس نے ریاست کے ترقیاتی سفر میں ایک نئے باب کا آغاز کیا۔اُنہوں نے جھارکھنڈ کی شاندار تاریخ کو اُجاگر کرتے ہوئے بابا تلکا مانجھی، سنتھال بغاوت کے رہنماؤں اور بھگوان برسا منڈا جیسے قبائلی ہیروز کی قربانیوں کو یاد کیا جن کی تحریکوں نے اِنصاف اور وقار کے حصول کے لئے نسلوں کو متاثر کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جھارکھنڈ کی منفرد شناخت اس کے دریاؤں، جنگلات، پہاڑوں، روایات، زبانوں اورمتحرک ثقافتی ورثے میں گہری پیوست ہے۔ اُنہوں نے اِس بات پرزور دیا کہ قبائلی کمیونٹیوں کا فطرت کے ساتھ ہم آہنگ رشتہ دُنیا کے لئے قیمتی اسباق فراہم کرتا ہے بالخصوص ایسے وقت میں جب اِنسانیت کو کلائمیٹ چینج جیسے چیلنج کا سامنا ہے۔اُنہوں نے ریاست کی متنوع لوک روایات، فنون اور زبانوں کا ذِکر کرتے ہوئے لسانی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کی اہمیت کو اُجاگر کیا جو کہ شناخت اور اِجتماعی یادداشت کی حفاظت کا ایک لازمی حصہ ہے۔منوج سِنہانے ہندوستان کی صنعتی ترقی، سلامتی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں جھارکھنڈ کے اہم حصے کا بھی اعتراف کیا۔ اُنہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اِنصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے کی آئینی اَقدار کی پاسداری کریں اور خود انحصاری، جامع ترقی اور قومی یکجہتی سے مستقبل کے لئے مل کر کام کریں۔اُنہوں نے کہاکہ بھگوان برسا منڈا کے نظریات آنے والی نسلوں کو متاثر کرتے رہیں گے اور قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔










