Lt Governor Manoj Sinha attended passing out parade of JKP Constables at Manigam Police Training School

ہماری پولیس فورس عوام کی خدمت کیلئے پُر عزم :ایل جی

لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے پولیس ٹریننگ سکول منی گام پریڈ میں شرکت کی

گاندربل//لیفٹیننٹ گورنر منو ج سِنہا نے آج پولیس ٹریننگ سکول منی گام میں جموںوکشمیر پولیس کانسٹیبلوں کے 15ویں بیسک ریکروٹ ٹریننگ کورس بیچ کی اٹیسٹیشن کم پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شرکت کی۔آج پی ٹی ایس منی گام میں کل 538 نئے ریکروٹس نے اَپنی تربیت مکمل کی ہے ۔ 538 میں سے 360 بہادر کانسٹیبل پہلے ہی بطور ایس پی او خدمات اَنجام دے چکے ہیں۔پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس سے اَپنے فرائض محنت اور دیانت داری سے سر اَنجام دینے کا حلف لیا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے راشٹریہ سلامی لی اور پریڈ کا معائینہ کیا۔ اِس کے علاوہ دستوں سے شاندار مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ اُنہوں نے تربیتی کورس کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس کو بھی مبارک باد دی۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے پاس آئوٹ ہونے والے کانسٹیبلوں کو پولیس فورس کا لازمی حصہ بننے پر مبارک باد دی اور اُنہوں نے ان سے کہا کہ وہ پوری لگن اور حساسیت کے ساتھ ملک اور عوام کے تئیں اَپنی ذمہ داریوں کو نبھائیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے جے کے پی کے بہادروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے جنہوں نے ڈیوٹی دوران سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں ۔ جموںوکشمیر پولیس اَپنی مہارت ، لگن اور ملک کی سا لمیت اور خود مختاری کے تحفظ کے لئے متحرک اور عزم کے ساتھ اعلیٰ داخلی سلامتی مشینری کی بہترین مثال ہے۔اُنہوں نے مزیدکہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ہمارے پولیس اہلکاروں نے دِکھایا ہے کہ جہاں اِرادہ ہے وہاں آگے بڑھنے کا راستہ ہوتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموںوکشمیر پولیس سیکورٹی چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے ہر روز روایتی اور جدید خطرات سے لڑ رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اَمن و اَمان برقرار رکھنے ، منشیات کے خلاف کریک ڈائون اور اِنسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کی ذمہ داری سے جے کے پی نے ہمہ جہت ترقی اور اَمن کے لئے محفوظ ماحول کو یقینی بنا کر شہریوں کا اعتماد اور پیار حاصل کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے تخریبی عناصر کی طرف سے لاحق نئے اُبھرتے ہوئے خطرات کو ختم کرنے کے لئے زیادہ عزم کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور فورسز سے کہا کہ وہ ایسی سرگرمیوں پر قابو پانے کے لئے اَپنی کوششوں کو دوگنا کریں جو دشمنوں کی طرف سے بُرے عزائم کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہماری پولیس فورس اَمن ، جان کی حفاظت اور عوام کی خدمت کے لئے پُر عزم ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ بے گناہوں کو ہاتھ نہ لگائیں اور مجرم کو نہ چھوڑیں ہماری پالیسی ہے ۔ گذشتہ تین برسوں میں پولیس فائرنگ سے ایک بھی معصوم جان نہیں گئی ۔ اُنہوں نے کہا کہ جے کے پی دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کو تباہ کرنے میں بھی کامیاب رہا ہے ،جموںوکشمیر یوٹی امن اور ترقی کے عمل کو درہم برہم کرنے کی کوشش کرنے والی قوتوں کے خلاف بالا دست ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے پولیس اہلکاروں کو نئے دور کی ٹیکنالوجی سے روشناس کرنے پر زور دیا تاکہ وہ اَپنی ڈیوٹی کو مؤثر طریقے سے اَدا کرسکیں۔ اُنہوں نے مزید کہا ،’’ ہمیں نئے جرائم سے لڑنے کے لئے پولیسنگ سسٹم کو مزید ٹیکنالوجی پر مبنی بنا کر انہیں بااِختیار بنانا چاہیئے۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ ہم اَپنے مفادات ، سا لمیت اور ملک کی خود مختاری کے تحفظ کے لئے پُر عزم ہے اور جو بھی ہمارے عزم کو آزمانے کی ہمت کرے گا اسے بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نارکو دہشت گردی ہمارے سامنے سب سے بڑے چیلنجوں میں سے ایک ہے اور ہمیں یوٹی میں منشیات کے دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خلاف کریک ڈائون کو تیز کرنے کے لئے تمام سیکورٹی اور منشیات کے قانون عملانے والے اِداروں کے درمیان بہتر تال میل رکھنے کی ضرورت ہے ۔اُنہوں نے سینئر اَفسران سے کہا کہ وہ کرائم اینڈ کریمنل ٹریکنگ نیٹ ورک اینڈ سسٹم ( سی سی ٹی این ایس ) کے کام کی نگرانی اور تجزیہ کریں تاکہ نظام میں کارکردگی ، پولیس اور عام شہریوں کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہوں۔لیفٹیننٹ گورنر نے بھرتی ہونے والوں کو ہمہ جہت تربیت فراہم کرنے پر سینئر اَفسران کو بھی مبارک باد دی۔اَپنے خطاب میں ڈی جی پی دِلباغ سنگھ نے نئے ریکروٹس کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا اور ان سے کہا کہ وہ ایمان داری کے ساتھ کام کریں اور عوام کی خدمت میں خود کو وقف کریں۔پرنسپل پی ٹی ایس منی گام شوکت حسین شاہ نے اَپنے خطبہ اِستقبالیہ میں ریکروٹ کانسٹیبلوں کے 15ویں بیچ کے بیسک ریکروٹ ٹریننگ کورس کے دوران تربیتی پروگرام اور مختلف سرگرمیوں کے بارے میں بتایا۔ اِس موقعہ کی خاص بات رائٹ کنٹرول ڈیمو ، سائلنٹ ڈرل اور غیر مسلح لڑائی کا مظاہرہ کرنے واے دستے رہے۔اِس موقعہ پر ڈی ڈی سی چیئرپرسن گاندربل محترمہ نزہت اِشفاق ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ آر کے گوئیل ، سپیشل ڈی جی سی آئی ڈی آر آر سوین،اے ڈی جی پی آرمڈ ایس جے ایم گیلانی ، اے ڈی جی پی کوارڈی نیشن پی ایچ کیو دانش رانا،اے ڈی جی پی ریلورے سنیل کمار، اے ڈی جی پی کشمیر وِجے کمار، ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر ، پی آر آئی کے نمائندوں کے علاوہ سابق اراکین اسمبلی ، حاضرسروس اور ریٹائرڈ آرمی اور پولیس اہلکار اور پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس کے اہل خانہ موجود تھے۔