gayan masjid

گیان واپی مسجد کیس،مسلم فریق کی درخواست مسترد

وارانسی :وارانسی کی ایک عدالت نے آج انجمن مسجد کمیٹی کی درخواست کو مسترد کر دیا جس میں کہا گیا تھا کہ گیان واپی مسجد کے احاطے کا قبضہ بھگوان وشویشور وراجمان کو سونپنے سے متعلق درخواست جس میں ٹائٹل سوٹ کی برقراری کو چیلنج کیا گیا تھا کو خارج کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔مسلم فریق کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے، فاسٹ ٹریک کورٹ کے معزز جج مہیندر کمار پانڈے نے کیس کی مزید سماعت کو 2 دسمبر تک ملتوی کردیا۔ عدالت نے 27 اکتوبر کو اس معاملے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔واضح رہے کہ ہندو فریق نے مسجد احاطہ میں ملے مبینہ شیولنگ کی پوجا کی اجازت مانگی ہے۔ عدالت پہلے اس درخواست پر 14نومبر کو فیصلہ سنانے والی تھی، لیکن اس دن سیول جج مہندر پانڈے نے اسے 17نومبر تک کے لیے ملتوی کر دیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ وشو ویدک سناتن سنگھ کے جنرل سکریٹری کرن سنگھ نے 24 مئی کو وارانسی ضلع عدالت میں مقدمہ داخل کر کے گیان واپی احاطہ میں مسلمانوں کے داخلے پر روک لگانے، احاطہ کو سناتن سنگھ کو سونپنے اور شیولنگ کی پوجا کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ دوسری طرف مسلم فریق کے وکیل نے کہا کہ عدالت کے ذریعہ معاملے کو خارج کر دیا جائے گا۔ ضلع عدالت میں پہلے کا معاملہ مسجد کی باہری دیوار پر واقع ہندو دیوی دیوتاؤں کی مورتیوں کی روزانہ پوجا کی اجازت سے متعلق تھا، جبکہ یہ معاملہ مسجد کے اندر والے حصے سے جڑا ہے۔