dooran_news

’’گلی فروشوں ‘کی بازآبادکاری،شہری سہولیات‘ کی بہتری اورجدیدٹائون ہالوںکی تعمیر اولین ترجیحات:ڈائریکٹراربن لوکل باڈیز کشمیر

سرینگر//ڈائریکٹراربن لوکل باڈیز کشمیرمنصورہ معصو م نے ’کشمیر میں قائم بلدیاتی اداروں میں ایگزیکٹوافسران کی کمی‘کااعتراف کرتے ہوئے کہاکہ کئی متعلقہ افسروں کی ریٹائرمنٹ کے باعث دیگر کئی ایگزیکٹو افسران کواضافی چارج دئیے گئے ہیں ۔انہوںنے مختلف علاقوں میں ٹائون ہالز کی تعمیر کاکام ہاتھ میں لینے کااعلان کرتے ہوئے واضح کیاکہ اربن لوکل باڈیز کشمیرکے ہاںفنڈس کی کوئی کمی نہیں ہے بلکہ ادارے کے پاس مختلف اسکیموں کے تحت لگ بھگ6کروڑ روپے کی رقومات دستیاب ہیں ۔اربن لوکل باڈیز کشمیرکی خاتون سربراہ نے ’چھاپڑی یاگلی فروشوں ‘کی بازآبادکاری کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ چھاپڑی فروشوں کیلئے تمام علاقوںمیں جگہیں مخصوص کرنے کامنصوبہ زیرغور ہے ۔خبررساں ایجنسی کشمیرنیوزسروس ‘کیساتھ موبائل فون پرتفصیلی بات چیت میں اربن لوکل باڈیز کشمیرکی خاتون سربراہ منصورہ معصو م نے کہاکہ ہمیں ایگزیکٹو افسران کوایک سے زیادہ میونسپل کونسلوں یاکمیٹیوں کاچارج دینا پڑتا ہے کیونکہ حالیہ برسوں میں کئی ایگزیکٹوافسران ملازمت سے ریٹائر ہوئے ہیں،اوران کی اسامیاں ابھی خالی پڑی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے حکام بالا کوبتایاگیاہے کہ شہری بلدیاتی ادارے کوفل ٹائم ایگزیکٹو افسران درکار ہیں تاکہ میونسپل اداروں یعنی میونسپل کونسلوں اورکمیٹیوںکاکام کاج کسی بھی طورمتاثر نہ ہو۔اس سوال کے جواب میں کئی افسران کوایک سے زیادہ میونسل اداروں کاچارج دینے سے کام متاثر ہورہاہے اوروہ اپنی ذمہ داریوں سے انصاف نہیں کرپارہے ہیں ،ڈائریکٹراربن لوکل باڈیزڈیپارٹمنٹ کشمیرمنصورہ معصو م کاکہناتھاکہ اگرکسی جگہ کام ٹھیک سے نہیں ہورہاہے توہم اس کاجائزہ لیکر اس میں بہتری لائیں گے ۔انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ میونسپل اداروں میں افسروں اوردیگرذمہ داروں بشمول سیکرٹریوں کی تعیناتی اُنکی تعلیمی قابلیت ،سینیارٹی اوراہلیت کی بنیاد پرہی عمل میں لائی جاتی ہے ۔ڈائریکٹر موصوفہ کاکہناتھاکہ ایگزیکٹو افسران کی کمی کے باوجود کشمیر وادی میں چالیس میونسپل ادارے بشمول 10میونسپل کونسل اور30میونسپل کمیٹیاں ٹھیک ڈھنگ سے کام انجام دے رہی ہیں ۔وادی کے شہروقصبہ جات میں بنیادی شہری سہولیات کے نظام کوبہتر بنانے کایقین دلاتے ہوئے اربن لوکل باڈیز کشمیرکی خاتون سربراہ نے کہاکہ صفائی ستھرائی کسی بھی جگہ ماحولیاتی توازن کوبہتر رکھنے کی بنیادی ضمانت ہے اورہم اس پرتوجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ شہر وقصبہ جات اوردیگرمیونسپل حدودوالے علاقوں میں صفائی ستھرائی کے بنیادی ڈھانچے میں پائی جانے والی خامیوں ،کمیوں اورکمزوریوںکودورکرنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے ۔بازاروں ،چوراہوں ،سڑک کناروں اورنکڑوں پر قابض رہنے والے چھاپڑی یاگلی فروشوں کیلئے مستقل جگہیں مخصوص اورمختص کئے جانے کے بارے میں ڈائریکٹراربن لوکل باڈیزڈیپارٹمنٹ کشمیرمنصورہ نے کہاکہ سری نگر شہرمیں ہم نے گلی فروشوں کیلئے 6ایسی جگہیں مقررکی ہیں ،جبکہ وادی کے دیگرکچھ علاقوںمیں بھی چھاپڑی فروشوں کواپنا روزگار چلانے کیلئے جگہیں دی گئی ہیں ،اوراب ہم ایسے علاقوںمیں گلی فروشوں کیلئے مخصوص جگہیں مختص کرنے جارہے ہیں ،جہاں اُنھیں ابتک یہ سہولت میسر نہیں ۔انہوںنے بتایاکہ ہم چاہتے ہیں کہ کوئی بھی چھاپڑی یاگلی فروش کسی بازار یاسڑک کنارے نہ بیٹھے بلکہ مخصوص جگہ بیٹھ کر عزت کیساتھ اپنی روزی روٹی کوچلائیں،اوربازاروں سرک کناروں سے اُن کی منتقلی کے نتیجے میں عوامی نقل وحمل اورگاڑیوں میں آمدورفت میں پیداہونے والی رکاوٹ دُورہوجائے ۔شہروقصبہ جات میں بنیادی اورلازمی شہری سہولیات کے نظام میں بہتر ی لانے کاذکر کرتے ہوئے ڈائریکٹرموصوفہ کاکہناتھاکہ ہمارے پاس شہری سہولیات کوبہتر بنانے اورتعمیروترقی کے کام انجام دینے کیلئے مختلف اسکیموں کے تحت لگ بھگ 6کروڑ روپے کی رقومات دستیاب ہیں اورہم متعلقہ اسکیموں کے تحت کاموں میں سرعت لارہے ہیں ۔