سری نگر//ممبر قانون ساز اسمبلی جاوید احمد میرچال نے وزیر برائے جل شکتی، جنگلات وماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا سے ملاقات کی اور اَپنے حلقہ اِنتخاب سے متعلق مختلف ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔دورانِ میٹنگ رُکن اسمبلی نے اَپنے حلقے میں پینے کے پانی کی فراہمی میں بہتری، آبپاشی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، سیلاب سے تحفظ کے اَقدامات اور دیگر عوامی سہولیات سے متعلق متعدد مطالبات پیش کئے۔ اُنہوں نے بہتر عوامی خدمات کی فراہمی اور تیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ان کے جلد حل کے لئے وزیر موصوف کی مداخلت طلب کی۔دریں اثنا، جل جیون مشن (جے جے ایم) کے تحت کام کرنے والی کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے بھی وزیر موصوف سے ملاقات کی اور مشن کے تحت زیر اِلتوأ اَدائیگیوں کے اِجرا ٔسے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ فنڈز بروقت جاری کئے جائیں تاکہ واجب اَ لاَدا اَدائیگیاں ممکن ہو سکیں اور جموں و کشمیر بھر میں پینے کے پانی سے متعلق بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر کام بلا رُکاوٹ جاری رہے۔ اِس کے بعد وزیر جاوید رانا نے متعلقہ اَفسران کے ساتھ کنٹریکٹروں کی جانب سے اُٹھائے گئے مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ جائز واجبات کی بروقت ادائیگی کے لئے تمام ضروری کارروائی تیز کی جائے تاکہ کسی غیر ضروری تاخیر کے باعث پینے کے پانی کے منصوبوں پر عمل درآمد متاثر نہ ہو۔وزیر نے حکومت کے عوامی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور جموں و کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر عمل آوری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ایم ایل اے اور کنٹریکٹروںکے وفد کو یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات اور مسائل کو مقررہ مدت میں حل کیا جائے گا۔










