سری نگر//وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے سول سیکرٹریٹ میں متعدد اَفراد اور مختلف وفود سے ملاقات کی اور ان کے مسائل اور مطالبات کا جائزہ لیا۔وزیر نے اَفراد اور وفود کی شکایات اور مطالبات کو بغور سُنا جن میں سروس سے متعلق امور، فروٹ منڈیاں، گلیوں کی تعمیر و مرمت، نکاسی آب کی سہولیات، پردھان منتری آواس یوجنا (گرامین) کے تحت غریب اور مستحق کنبوں کو مکانات کی فراہمی، فصل بیمہ، سیب کاشت کارو ںکے لئے مارکیٹ تحفظ اور دیہی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے جیسے اہم مسائل شامل تھے۔وفود نے پھل کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ، مارکیٹنگ سہولیات کو بہتر بنانے اور دیہی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے اور ضروری سہولیات کی فراہمی کے لئے مؤثر اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔جاوید ڈار نے اَفراد اور وفود کو یقین دِلایا کہ تمام حقیقی مسائل اور جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر غور کیا جائے گا اور مناسب اوربروقت کارروائی کے لئے متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ حکومت عوام دوست اور جوابدہ طرزِ حکمرانی کے لئے پُرعزم ہے جس میں عوامی شکایات کے اَزالے اور ضروری خدمات کی مؤثر فراہمی کو بالخصوص دیہی اور زرعی علاقوں میںخصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔وزیر موصوف نے متعلقہ محکموں کے درمیان بہتر رابطہ اور باہمی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ عوام کے جائز مسائل کو مؤثر انداز میں اور مناسب مدت کے اندر حل کیا جا سکے۔










