محکمہ وائلڈ لائف نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زندہ پکڑ لیا گیا
سرینگر//بدھ کو گاندربل میں تیندوے کے حملے میں دو خواتین اور محکمہ وائلڈ لائف کے تین اہلکاروں سمیت کم از کم پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ علاقے میں تیندوے کی موجودگی کی وجہ سے خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا تھا تاہم تیندوے کو حکام نے زندہ پکڑ لیا۔ادھر وادی میں جنگلی جانوروں کی جانب سے انسانی بستوں کی طرف رُخ کرنا اب عام بات ہوگئی ہے اور گزشتہ ماہ بڈگام میں تیندوے نے دو کمسن لڑکیوں کو ابدی نیند سلادیا تھا تاہم خونخوار تیندوے کو گزشتہ روز گولی مار کر ہلاک کیا گیا ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں تیندوے نے دہشت مچاتے ہوئے دو خواتین سمیت پانچ افراد کو زخمی کردیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق مقامی لوگوں نے علاقے میں ایک چیتے کو گھومتے ہوئے دیکھا اور متعلقہ محکمے کو اطلاع دی، جس کے بعد بڑے پیمانے پر شکار شروع کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن کے دوران تیندوے کے حملے میں وائلڈ لائف اہلکاروں سمیت دو خواتین زخمی ہو گئیں۔انہوں نے کہا کہ سخت کوششوں کے بعد تیندوے کو وائلڈ لائف کے اہلکاروں نے زندہ پکڑ لیا۔دریں اثنا، زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی طبی مرکز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ وادی کشمیر میں جنگلی جانوروں کی جانب سے انسانی بستیوں کی طرف رُخ کرنا اب معمول بن گیا ہے ۔ گزشتہ ماہ ضلع بڈگام میں ایک خونخوار تیندوے نے دو معصوم بچیوں پر حملہ کرکے ان کو ابدی نیند سلادیا تھا تاہم محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں نے تیندوے کو گولی مار کر ہلاک کیا جس کی وجہ سے علاقہ کے لوگوں نے راحت کی سانس لی ۔










