سرینگر//کپواڑہ پولیس نے ایک نقب زن کو گرفتارکرکے اس کے قبضے سے ایک لاکھ ترپن ہزار آٹھ سواسی روپئے برآمد کرکے ضبط کی۔ کپواڑہ میں پولیس نے نقب زنی کا ایک معاملہ حل کیا ہے اور مال مسروقہ نقدی برآمد کرنے کے علاوہ جرائم میں ملوث نقب زن کو گرفتار کیا ہے۔پولیس پوسٹ بازار کپواڑہ کو ایک تحریری شکایت عالم بٹ ولد سیف الدین بٹ ساکن گنائی محلہ بارہمولہ کی طرف سے موصول ہوئی جو کپواڑہ میں کاروبار کر رہا تھا جس میں اس نے کہا تھا کہ 27 اور 28 اپریل کی درمیانی شب اس کی دکان کو لوٹ لیا گیا۔ اسی مناسبت سے ایف آئی آر نمبر 98/2022 کے تحت متعلقہ سیکشن کے تحت پولیس اسٹیشن کپواڑہ میں مقدمہ درج کیا گیا اور پولیس کی ایک ٹیم نے ایس آئی سمیر احمد، انچارج پولیس چوکی بازار کپواڑہ کی قیادت میں تحقیقات شروع کی۔تفتیش کے دوران پولیس نے چند مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے گھیرے میں لے لیا اور آخر کار تفتیشی ٹیم نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتارکیا جس کی شناخت محمد شاہد سلمانی ولد عبدالعزیز سلمانی کے طور پر ہوئی ہے، جو بجنور اتر پردیش کاسکونتی ہے اور مذکورہ حجاج مارکیٹ کپواڑہ میں حجام کی دکان چلاتا ہے، پوچھ گچھ پر اس نے جرم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ ملزم کے انکشاف پر جس کمرے میں ملزم کرائے پر لیا تھا اس سے 153880 روپے (ایک لاکھ ترپن ہزار آٹھ سو اسی) روپے کی مسروقہ نقدی برآمد کر لی گئی۔ گرفتاری کے بعد ملزم کو پولیس کی تحویل میں لے لیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔










