سرینگر//جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں بجلی کی ابتر صورتحال کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے خاص کر لوگوں کو صبح و شام کے اوقات میں بجلی کی عدم دستیابی کا سامنا رہتا ہے ۔ کولگام میں بجلی کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، ڈی ڈی سی ممبر محمد عباس راتھر نے کہا کہ کولگام ضلع میں بجلی کے مسائل بدستور جاری ہیں۔سال کے اس موسم میں بھی وادی کشمیر کے لوگوں کو بجلی کے بحران کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت کو لوگوں کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنی چاہیے۔” انہوں نے وائس آف انڈیا کے نمائندے غلام نبی کھانڈے کو بتایا کہ زمین پر بجلی کے کسی شیڈول پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے اور یہاں تک کہ میٹر والے علاقوں کو بھی طویل اور غیر طے شدہ بجلی کی کٹوتی کا سامنا ہے۔ ضلع کے دیہی اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگ بجلی سے محروم ہیں۔ لوگ بجلی کے بدترین بحران کا سامنا کرنے کی وجہ سے روشنی کے متبادل ذرائع کا بندوبست کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ علاقوں میں لوگوں کو کم وولٹیج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ نرخوں میں ناقابل برداشت اضافے سے عوام کی پریشانیاں مزید گہری ہو گئی ہیں۔انتظامیہ کا یہ فیصلہ انتہائی غیر منصفانہ ہے اور اس سے عام لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس طرح اسے واپس لینے کے لیے ہم سب کو آگے آنے کی ضرورت ہے۔










