افسران و ملازمین کو 15 اگست کی مرکزی تقریبات میں شرکت کی ہدایت
سرینگر// جموں و کشمیر حکومت نے سرینگر اور جموں میں تعینات تمام سرکاری افسران اور ملازمین کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ 15 اگست کو منعقد ہونے والی یومِ آزادی کی مرکزی تقریبات میں لازمی شرکت کریں۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ ان تقریبات میں شرکت سرکاری فرائض کا حصہ تصور کی جائے گی۔یو این ایس کے مطابق جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ سرکولر میں کہا گیا ہے کہ یومِ آزادی کی مرکزی تقریب سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم اور جموں کے مولانا آزاد اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔ سرکولر کے مطابق ہر سرکاری ملازم کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کی آزادی کی یاد میں منعقد ہونے والی اس قومی تقریب میں شرکت کرے۔حکومت نے ہدایت دی ہے کہ اگر کوئی افسر یا ملازم تقریب میں شرکت سے معذور ہو تو اسے غیر حاضر رہنے سے قبل اپنے متعلقہ اعلیٰ افسر سے پیشگی اجازت حاصل کرنا ہوگی۔سرکولر میں تمام انتظامی سیکریٹریوں، محکمہ جات کے سربراہان، پبلک سیکٹر اداروں، کارپوریشنوں اور بورڈز کے منیجنگ ڈائریکٹروں اور چیف ایگزیکٹو افسران کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے ماتحت سرینگر یا جموں میں تعینات تمام افسران اور ملازمین کی متعلقہ مقامات پر منعقد ہونے والی یومِ آزادی تقریبات میں شرکت کو یقینی بنائیں۔










