پانچ زبانوں میں شاعرات نے اپنی تخلیقات پیش کیں
سرینگر//جمیل انصاری:جموں اینڈ کشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز سری نگر کے اہتمام سے عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے ٹیگور ہال سری نگر میں خواتین کا اپنی نوعیت کا ایک منفرد مشاعرہ منعقد کیا گیا۔ مشاعرے کی صدارت پروفیسر شفیقہ پروین نے کی اور محترمہ نسرین نقاش مہمان خصوصی کے بطور مشاعرے میں شریک رہی۔ جب کہڈویژنل آفس کشمیر کے انچارج ڈاکٹر فاروق انوار مرزا میزبان کی حیثیت سے ایوان صدارت میں موجود رہے۔ڈویژنل آفس کشمیر کے انچارج ڈاکٹر فاروق انوار مرزا نے اس موقع پر شاعرات کااستقبال کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں خوشی ہے کہ خواتین کے عالمی دن کے موقعہ پر اکادمی ایک مشاعرہ منعقد کررہی ہے جس میں جموں و کشمیر میں بولی جانے والی زبانوں کشمیری ،اردو ، پہاڑی ، گوجری ، ہندی اور انگریزی سے وابستہ شاعرات نے شرکت کررہی ہیں اورانشا اللہ مستقبل قریب میں بھی ایسی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ مشاعرے میں جن شاعرات نے اپنا کلام پیش کیا ان میں حذیفہ صبا ، نادم شوقیہ ، شائستہ اختر ، شکیلہ بیگم ، حلیمہ قادری ، روحی جان ، نسرین علی ندھی ، ریحانہ عزیز ، شازیہ کوثر ،حنانہ برجیس حنا ، ڈاکٹر شبنم عشائی، شگفتہ زاہد ، نسرین نقاش ، پروفیسر شفیقہ پروین ، ڈاکٹر نکہت نظر شامل ہیں۔پروفیسر شفیقہ پروین نے اپنی صداراتی تقریر میں اکادمی کے ذمہ داراں کا شکریہ اداکیا کہ انہوں نے خواتین کے عالمی دن پرایک مشاعرہ کا اہتمام کیا جس میں نئی نسل سے تعلق رکھنے والی شاعرات کو زیادہ موقعہ دیا جوکہ خوش آئندہ بات ہے۔ساتھ ہی انہوں نے خواتین کی خدمات پر بھی اپنے تاثرات پیش کئے۔مشاعرہ کی نظامت ڈاکٹر نکہت نظر صاحبہ نے کی جبکہ شیرازہ اردو کے مدیر سلیم سالک نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔










