کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچررس فیڈریشن کا انتخابی اشو

موجودہ الیکشن عمل کیخلاف عدالت میں کیس دائر ،اگلی سماعت16نومبر کو مقرر

سرینگر//وادی کی سب سے بڑی تجارتی انجمن کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچررز فیڈریشن کے انتخابات پر ایک بار پھر کالے بادل منڈلانے لگے ہیں کیونکہ اب اس تجارتی انجمن کا ایک دھڑے نے عدالت کا رخ کیا ہے۔عدالت نے کے ٹی ایم ایف کے موجودہ چیف الیکشن کمشنر کو اگلی سماعت پر حاضر ہونے کی نوٹس اجراء کی ہے۔خبررساں ایجنسی ٹی ای این کو معلوم ہوا ہے کہ کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچررس فیڈریشن کے انتخابات جو تقریبا ڈیڑھبرس سے التواء میں ہیں ،کے سلسلے میں تازہ پیش رفت سامنے آئی ہے۔اس بار فیڈریشن کے ایک6رکنی گروپ جو ہلال احمد منڈو ،صوفی غلام محی الدین ،محمد الطاف ڈار ،شوکت احمد بٹ ،شیخ عبدالرشید اور فاروق احمد بکتو پرمشتمل ہے ،نے فیڈریشن کے انتخابات کے دورا ن آئین کی عدولی کا الزام عائد کرتے ہوئے اس عمل پر فوری طور روک لگانے کی درخواست پیش کی ہے۔اس ضمن میں عدالت نے ہلال احمد منڈو و دیگران کی جانب سے فائل کی گئی پٹیشن کا جائزہ لینے کے بعد کے ٹی ایم ایف کے موجودہ چیف الیکشن کمشنر خورشید احمد شاہ کو اگلی سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔کیس کی اگلی سماعت 16نومبر 2023کو مقرر کی گئی ہے ۔واضح رہے کہ ماضی قریب میں ایک مضبوط تجارتی اتحاد کے ٹی ایم ایف کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے اور یہ گذشتہ13برسوں میں تین بڑے دھڑوں میں منقسم ہوگئی ۔تینوں دھڑے الگ الگ طریقے سے کام کررہے ہیں تاہم اس دوران محمد یاسین خان کی سربراہی والے دھڑے نے انتخابات کا اعلان کیا اور اسکے بعد سبھی دھڑوں کی سرگرمیاں شروع ہوئیں لیکن اختلافات اتنے شدید ہیں کہ اتحاد کی متعدد کوششیں بھی بار آور نہ ہوسکیں ۔اس دوران معلوم ہوا کہ کے ٹی ایم ایف اوقاف بلڈنگ لالچوک کے انتخابی کمیشن نے دو صدارتی امیدواروں سمیت دیگر عہدوں کیلئے پیش کئے گئے نامزدگی فارم الیکشن کمیشن کی جانب سے مسترد کئے جانے کے بعد کے ٹی ایم ایف خان دھڑے میں بھی سخت مزاحمت کا ماحول پایا جارہا ہے اور ناراض امیدوار بھی عدالت کا رخ کرنے کے آپشن پر غور کررہے ہیں۔