Manoj Sinha

کشمیر میں دہشت گردوں کو کچل دینے سیکوریٹی فورسس کو مکمل آزادی: منوج سنہا

سرینگر///لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ انتظامیہ جموں کشمیر میں ’’دہشت گردی ‘‘ کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنائی ہوئی ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ خطے سے ملٹنسی کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے فورسز کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے ۔ ایل جی نے زخمی سیاحوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے اور مہلوک سابق سرپنچ کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیا ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر منوج سنہا نے شوپیان اور پہلگام میں دہشت گرد حملوں کی سخت مذمت کی اور کہا کہ سیکوریٹی فورسس کو مکمل آزادی دی گئی ہے کہ وہ حملہ آوروں کو ٹھکانے لگائیں۔لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر منوج سنہا نے کہا کہ انتظامیہ نے جموں کشمیر میں دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ ہم خطے میں امن و سلامتی کے قیام کیلئے کام کررہے ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ ہفتہ کی رات دہشت گردوں نے کشمیر میں 2 مقامات پر حملے کئے تھے۔ شوپیان میں ایک سابق سرپنچ ہلاک ہوا تھا اور اننت ناگ میں راجستھان سے تعلق رکھنے والا ایک سیاہ جوڑا زخمی ہوا تھا۔یہ حملہ بارہمولہ میں لوک سبھا الیکشن سے 2 دن قبل ہوا۔ منوج سنہا نے سری نگر میں ایک بیان میں کہا کہ مجھے دہشت گرد حملہ اور سابق سرپنچ اعجاز احمد شیخ کی بہیمانہ ہلاکت پر صدمہ ہوا۔ سابق سرپنچ اعجاز‘ گرام پنچایت سطح کے غیرمعمولی قائد تھے اور عوام کے لئے ان کی بے لوث خدمات یاد رکھی جائیں گی۔ہم اس مشکل وقت میں غم زدہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں عہدیداروں کو ہدایت دے چکا ہوں کہ زخمی جوڑے کو بہترین علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ انہیں سیکوریٹی فورسس پر پورا بھروسہ ہے اور دہشت گردوں کو جلد سزا مل کر رہے گی۔ حکومت نے جموں و کشمیر پولیس اور سیکوریٹی فورسس کو پورا اختیار دے دیا ہے کہ وہ دہشت گردوں اور ان کے ساتھیوں کو کچل دیں۔