آخری مراحل میں جاری تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا
نوشہرہ//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے راجوری سے جموں واپسی کے دوران سٹریٹجک لحاظ سے اہمیت کی حامل سُنگل ٹنل پر جاری تعمیراتی کاموں کا معائینہ کیا اور پروجیکٹ کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔معائنے کے دوران اَفسران نے وزیراعلیٰ کو تعمیراتی کام کی موجودہ صورتحال اور باقی ماندہ کاموں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دِی۔ انہیں بتایا گیا کہ ٹنل تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور توقع ہے کہ جلد ہی اسے تمام ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔ افسران نے یہ بھی بتایا کہ ایمرجنسی آواجاہی کو یقینی بنانے کے لئے اس وقت ایمبولینسوں سمیت ضروری خدمات کو ٹنل سے گزرنے کی اِجازت دی جا رہی ہے۔وزیراعلیٰ نے کام کی رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت دی کہ باقی ماندہ تعمیراتی کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاہم معیار اور حفاظتی اصولوں پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ نے اس سے قبل رواں برس 20 ؍اپریل کو بھی سنگل ٹنل منصوبے کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے کھدائی، تعمیراتی ڈھانچے اور متعلقہ سڑکوں کی تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا تھا۔آج کے معائینے کے دوران بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کے پروجیکٹ سمپارک کے حکام نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ کالی دھررینج میں تعمیر کی جانے والی 2.79 کلومیٹر طویل سنگل ٹنل مکمل ہونے کے بعد سفری وقت میں تقریباً 40 سے 45 منٹ کی کمی آئے گی جس سے رابطہ کاری اور آمدورفت میں نمایاں بہتری ہوگی۔










