سکینہ اِیتو نے کے بی پورہ میں ’میگا ہیلتھ کیمپ ‘ کا اِفتتا ح کیا

سکینہ اِیتو نے کے بی پورہ میں ’میگا ہیلتھ کیمپ ‘ کا اِفتتا ح کیا

کولگام میں سکولی بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا

کولگام//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سکولی و اعلیٰ تعلیم اور سماجی بہبود محکمہ جات سکینہ اِیتو نے آج ضلع کولگام کے کھوری بٹ ( کے بی پورہ ) ڈِی ایچ پورہ میں ایک میگا ملٹی سپیشلٹی ہیلتھ کیمپ کا اِفتتاح کیا۔یہ کیمپ بال رکھشا بھارت (سیو دی چلڈرن)، ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیر (ڈِی ایچ ایس کے)، سکمز صورہ اور چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) کولگام کے دفتر کے باہمی اِشتراک سے، ایس اے اے این ایس مہم کے تحت منعقد کیا گیا۔اس ہیلتھ کیمپ کا مقصد دیہی آبادی کو ایک ہی مقام پر جامع طبی سہولیات فراہم کرنا تھا جن میں ماہر ڈاکٹروں سے مشاورت، سکریننگ، تشخیص، علاج، ریفرل خدمات اور صحت سے متعلق بیداری شامل تھیں۔ کیمپ میں بچوں اور بالغوں دونوں کو طبی خدمات فراہم کی گئیں جبکہ احتیاطی صحت پر خصوصی توجہ دی گئی۔اِس موقعہ پر وزیر صحت سکینہ اِیتو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس مشترکہ اقدام کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ صحت شعبے میں علاج کے بجائے بیماریوں کی روکتھام پر زیادہ توجہ دی جانی چاہیے۔ اُنہوںنے کہا کہ غیر متعدی بیماریوںکے بڑھتے ہوئے بوجھ سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لئے صحت مند طرزِ زِندگی اَپنانا ناگزیر ہے۔ اُنہوں نے بیماریوں سے بچاؤ اور بروقت تشخیص کے حوالے سے عوامی شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے نمونیا میں مبتلا بچوں کی نگرانی کے لئے ایم۔ہیلتھ ایپلی کیشن کا باضابطہ طو رپر آغاز کیا ۔ یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم بال رکھشا بھارت نے ’ایس اے اے این ایس‘ اقدام کے تحت تیار کیا ہے جس کا مقصد بچوں میں نمونیا کی مؤثر نگرانی اور بروقت علاج کو یقینی بنانا ہے۔تقریب میں ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیرسکمز صورہ کے سینئر اَفسران، سب ڈویژنل مجسٹریٹ ڈِی ایچ پورہ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ (اے سی ڈِی) کولگام، چیف میڈیکل آفیسر، ضلعی اَفسران، محکمہ صحت کے اَفسران اور بال رکھشا بھارت کے نمائندوں نے شرکت کی۔ہیلتھ کیمپ میں بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوںنے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سکمز صورہ اور چیف میڈیکل آفیسر کولگام کی جانب سے تعینات ماہر ڈاکٹروں نے اینڈوکرائنولوجی،پیڈیاٹرکس اور نیو نٹولوجی، جنرل میڈیسن، جنرل سرجری اور شعبہ امراضِ نسواں و زچگی میں مریضوں کو ماہرانہ مشاورت اور علاج فراہم کیا۔بال رکھشا بھارت نے مقامی آبادی کو متحرک کرنے، فائدہ اٹھانے والوں کی سہولیت، صحت حکام کے ساتھ تال میل اور بچوں کی صحت، نمونیا سے بچاؤ، معمول کی حفاظتی ٹیکہ کاری، غذائیت، ماں کا دودھ پلانے، ہاتھوں کی صفائی اور بروقت طبی اِمداد حاصل کرنے کے حوالے سے عوامی بیداری پیدا کرنے میں بھی اہم کردار اَدا کیا۔بعد میں وزیر موصوفہ نے پرائمری سکول درنگ بل کی نئی عمارت کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھا جسے محکمہ تعمیراتِ عامہ آر اینڈ بی) دئیے گئے 27.44 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کرے گا۔اُنہوں نے مڈل سکول جے بل میں اضافی کلاس روموں کی تعمیر کا سنگِ بنیاد بھی رکھا جس پر 19.80 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ اِس منصوبے کا مقصد تعلیمی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور طلبأ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔ دورے کے دوران وزیر سکینہ اِیتو نے مختلف عوامی وفود سے بھی ملاقات کی جنہوں نے اَپنے اَپنے علاقوں سے متعلق ترقیاتی اور عوامی فلاح و بہبود کے متعدد مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر موصوفہ نے وفود کے مطالبات کو بغور سنا اور یقین دِلایا کہ متعلقہ محکموں کی مربو ط کوششوں سے ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔