وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے راجوری کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا

وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے راجوری کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا

تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کا معائینہ کیا ، فوری بحالی کی ہدایت دِی اور متاثرہ کنبوں کو اِمداد اور باز آباد کاری کا یقین دِلایا

راجوری//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ضلع راجوری میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ حالیہ تباہ کن اچانک سیلاب سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا جا سکے۔اُنہوں نے متاثرہ لوگوںکے ساتھ اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دِلایا کہ بروقت اِمداد، متاثرہ کنبوں کی بحالی اور تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن مدد کی جائے گی۔دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے عبدالغنی کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی جو محکمہ جل شکتی (پی ایچ اِی) کے یومیہ اُجرت پر کام کرنے والے ملازم تھے۔ وہ کوٹ بہروٹ تھنہ منڈی میں واٹر سپلائی پمپنگ سٹیشن پر رات کی ڈیوٹی کے دوران اچانک سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے جاں بحق ہو گئے تھے۔اُنہوں نے گہرے دُکھ کا اِظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبے سے تعزیت کی اور انہیں حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔اُنہوں نے پی ڈبلیو ڈِی ڈاک بنگلے میںسین خان کے فرزند اور کنڈی بدھل بلاک کے رہائشی جاوید اقبال کے اہلِ خانہ، قلعہ درہال بلاک کی پنچایت بگلہ کے رہائشی وِکاس چودھری کے کنبے، بھٹیاں گاؤں کے عبدالرحمان کی اہلیہ شاہدہ پروین کے اہلِ خانہ اور سندربنی کے رہائشی ببلو سنگھ کی اہلیہ پنکی سنگھ سے بھی ملاقات کی۔ اُنہوں نے ان کے نقصانات پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا، تعزیت پیش کی اور یقین دِلایا کہ حکومت دُکھ اور مشکل کی اِس گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔بعد میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے راجوری کی سرکلر روڈ کا معائینہ کیاجہاں 19 ؍جولائی کے سیلاب میں تقریباً 200میٹر سڑک بہہ گئی تھی۔ اُنہوں نے رہائشی علاقوں، عوامی بنیادی ڈھانچے اور مقامی رابطہ سڑکوں کو پہنچنے والے وسیع نقصان کا جائزہ لینے کے لئے سیلاب سے متاثرہ ایٹی علاقے کا بھی دورہ کیا۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو بحالی کے کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے مستقبل میں ایسی آفاتِ سماوی سے حساس مقامات کے تحفظ کے لئے ضروری حفاظتی اَقدامات کرنے کی ہدایت دِی۔اُنہوں نے شدید متاثرہ بیلہ بس سٹینڈ کا بھی دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں بس سٹینڈ، ملحقہ عوامی اِنفراسٹرکچر اور تجارتی اِداروں کو پہنچنے والے نقصانات کا موقعہ پر جائزہ لیا۔اُنہوں نے مقامی باشندوں اور حکام سے بات چیت کرتے ہوئے ضلعی اِنتظامیہ کو ضروری عوامی خدمات اور بنیادی ڈھانچے کی جلد از جلد بحالی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے متاثرہ اَفراد کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ کنبوں کی باز آباد کاری اور تباہ شدہ اِنفراسٹرکچر کی بحالی کو اوّلین ترجیح دی جائے گی تاکہ ضلع میں جلد از جلد معمول کی زندگی بحال ہو سکے۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کے دفتر کا بھی دورہ کیا جسے حالیہ سیلاب کے بعد غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔ اُنہوں نے عمارت کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا اور یقین دِلایا کہ حکومت اِس مسئلے کو حل کرنے کے لئے مناسب اَقدامات کرے گی اور ضلعی اِنتظامیہ کے کام کاج کو یقینی بنائے گی۔ دورے کے دوران وزیر اعلیٰ کے ہمراہ ممبر اسمبلی راجوری اِفتخار احمد، رُکن اسمبلی بدھل جاوید اِقبال چودھری، ممبر قانون ساز اسمبلی تھنہ منڈی مظفر اِقبال خان، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا،ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما، ایس ایس پی راجوری گورو سیکروار، اے ڈِی ڈِی سی راجوری ملک زادہ شیراز الحق اور دیگر سینئر سول و پولیس اَفسران بھی تھے۔