جاوید رانا نے پونچھ میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا

جاوید رانا نے پونچھ میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا

پونچھ//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے ضلع پونچھ کے سرہوتی جبران علاقے کا دورہ کیا جہاں حالیہ لینڈ سلائیڈ اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی زمینی صورتحال کا جائزہ لیا اور متاثرہ کنبوں کے ساتھ یکجہتی کا اِظہار کیا۔وزیرموصوف کے ہمراہ سب ڈوٰژنل مجسٹریٹ (ایس ڈِی ایم) مینڈھر، سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر ہائیڈرولک، ایگزیکٹیو اِنجینئر پی ڈبلیو ڈِی (آر اینڈ بی) مینڈھر، ایگزیکٹیو اِنجینئر پی ایم جی ایس وائی مینڈھر، ڈویژنل فارسٹ آفیسر سوئیل کنزرویشن، ایگزیکٹو اِنجینئر جل شکتی (پی ایچ اِی) اور دیگر متعلقہ اَفسران بھی تھے۔اُنہوں نے حالیہ مسلسل بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ او راچانک سیلاب سے وسیع پیمانے پرہوئے نقصانات کا معائینہ کیا جن سے رہائشی مکانات، سکول، سڑکیں، عوامی بنیادی ڈھانچہ اور زرعی زمین متاثر ہوئی ہے۔ اُنہوں نے متاثرہ کنبوں کے اَفراد سے بات چیت کی ، اُن کے مسائل بغور سُنا اور یقین دِلایا کہ حکومت اِمداد، بحالی اور تعمیر نو کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔جاوید رانا نے متاثرہ اَفراد سے خطاب کرتے ہوئے اس آفت کو اِنتہائی افسوسناک اورتکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں حکومت ہر متاثرہ کنبے کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ بروقت اِمداد کی فراہمی، ضروری خدمات کی فوری بحالی اور تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں چھوڑاجائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ تمام ضروری اِمدادی اَقدامات بلا تاخیر متاثرہ اَفراد تک پہنچائے جائیں۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ اِنسانی جانوں کا تحفظ اور مصیبت زدہ اَفراد کو فوری مدد فراہم کرنا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔وزیر موصوف نے ضلعی اِنتظامیہ، ڈیزاسٹر رسپانس ایجنسیوں، پولیس، ایس ڈِی آر ایف، محکمہ جنگلات،ہیلتھ ورکروں ، اِنجینئروں، رضاکاروں اور مقامی باشندوں کی انتھک خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بحران کے دوران ان کی جرأت، عزم اور خدمت کا جذبہ قابلِ تحسین ہے۔ اُنہوں نے کہا،’’ہمارے ریسکو اہلکاروں اور مقامی رضاکاروں نے انتہائی دشوار حالات میں دن رات کام کرکے اِنسانی جانیں بچانے اور متاثرہ کنبوں کی مدد کرنے کی شاندار مثال قائم کی ہے۔‘‘اُنہوںنے کہا کہ اس وقت حکومت کی فوری توجہ امدادی سرگرمیوں، رابطہ سڑکوں کی بحالی، پینے کے صاف پانی، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کی بلا تعطل فراہم کو یقینی بنانے کے علاوہ بے گھرکنبوںکی بحالی پر مرکوز ہے۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت بحالی اور طویل مدتی بحالی کی کوششوں کو تیز کرنے کے لئے ضلعی اِنتظامیہ اور مقامی کمیونٹیوںکے ساتھ قریبی تال میل میں کام جاری رکھے گی۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف کے ہمراہ موجود افسران نے انہیں شدید بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ مسلسل موسلا دھار بارشوں کے باعث ضلع کے کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب آئے جس سے سڑکوں، پُلوں، پانی کی فراہمی کے نظام اور دیگر عوامی اثاثوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔اَفسران نے مزید بتایا کہ امدادی کارروائیاں جنگی بنیادوں پر جاری ہیں اور جہاں ضرورت پیش آئی وہاں عارضی رہائش گاہیں قائم کی گئی ہیں۔ متاثرہ کنبوں کو خوراک، پینے کا پانی، اَدویات اور دیگر اِمدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی کو ترجیحی بنیادوں پر انجام دیا جا رہا ہے۔