بارہمولہ//کشمیر یونیورسٹی کے نارتھ کیمپس واقع دلنہ بارہمولہ میں شعبہ مینجمنٹ اسٹڈیز نے ’’ہرود فیسٹ 2022‘‘ کے بینر تلے دو روزہ تقریب یاکاروباری میلے کا انعقاد کیا۔جے کے این ایس کے مطابق ڈائریکٹر نارتھ کیمپس پروفیسر بشیر احمد گنائی نے بزنس فیسٹول کا افتتاح کیا جس نے طلباء کو اپنی کاروباری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر گنائی نے تقریب کے انعقاد پر آرگنائزنگ کمیٹی کو مبارکباد دی۔ انہوں نے شعبہ مینجمنٹ اسٹڈیز کو مستقبل کی تعلیمی کوششوں میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔افتتاحی سیشن میں کارڈی نیٹرز، فیکلٹی ممبران اور مختلف شعبہ جات کے طلباء کے علاوہ ملحقہ کالجوں کے طلباء نے بھی شرکت کی۔تقریب کارڈی نیٹر ڈاکٹر عنبرین وانی نے2روزہ پروگرام کے اہم مقاصد کے بارے میں حاضرین کو آگاہ کیا۔پروفیسر بشیر احمد گنائی، سابق ڈائریکٹر نارتھ کیمپس پروفیسر ارشاد احمد وانی ، ڈاکٹر قاضی خورشید احمد، سینئر فیکلٹی ممبران، اور دیگر مدعو مہمانوں نے نوجوان کاروباریوں کے ساتھ بات چیت کرنے کیلئے اسٹالوں کامعائبہ کیا۔ فیسٹول کے دوسرے روز مینجمنٹ سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے طلباء نے مختلف ثقافتی پروگراموں میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔اس شاندار تقریب میں پروفیسر ارشاد احمد وانی، پروفیسر نصیر اقبال، پروفیسر اعجاز احمد اور پروفیسر پرویز احمد (نارتھ کیمپس کے تمام سابقہ ڈائریکٹرز) نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈاکٹر وقار النساء نے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جس میں سابق ڈائریکٹرز کو نارتھ کیمپس کی ترقی اور ترقی کے لئے ان کی غیر معمولی خدمات پر اعزاز سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر ملیحہ گل، کارڈی نیٹر، شعبہ مینجمنٹ اسٹڈیز نے اختتامی کلمات پیش کیے، اور ڈاکٹر مبشر مجید بابا نے شکریہ ادا کیا۔










