After Srinagar, US Ambassador arrives in Ladakh

سرینگر کے بعد امریکی سفیر لداخ وارد

موسمی خراب صورتحال کے باعث ایئرپورٹ پر انتظار کرنا پڑا

سرینگر/ ہندوستان میں امریکی سفیر سرجیو گور خراب موسمی حالات کے باعث اپنی پرواز میں تاخیر کے بعد جمعرات کو سرینگر سے لیہہ پہنچ گئے۔سرکاری ذرائع کے مطابق سرجیو گور کو موسم کی ناسازگاری کے باعث کچھ وقت سرینگر ہوائی اڈے پر انتظار کرنا پڑا، جس کے بعد وہ سرینگر سے براہ راست پرواز کے ذریعے لیہہ روانہ ہوئے۔لیہہ ہوائی اڈے پر پہنچنے کے بعد امریکی سفیر کو سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان وہاں سے روانہ کیا گیا۔ ان کا دورہ لیہہ جموں و کشمیر اور لداخ کے اپنے پہلے دورے کے طے شدہ پروگرام کا حصہ ہے۔سرجیو گور اس سے قبل سرینگر میں موجود تھے، جہاں انہوں نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی سفیر نے اس ملاقات کو ’’بہت اچھی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس سلسلے میں نئی دہلی اور واشنگٹن میں مزید بات چیت کی جائے گی۔امریکی سفیر نے جموں و کشمیر کے ساتھ واشنگٹن کی شمولیت اور روابط کو مزید مضبوط بنانے کی امید ظاہر کی تھی۔ انہوں نے جموں و کشمیر کو ہندوستان کا ایک اہم حصہ قرار دیتے ہوئے اس خطے کی قدرتی خوبصورتی کی بھی تعریف کی۔سرجیو گور کا لیہہ پہنچنا جموں و کشمیر اور لداخ کے ان کے جاری دورے کا اگلا مرحلہ ہے۔