18 ستمبر 2028 تک وزارت ثقافت میں ڈپٹی سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں گے
سرینگر/ / مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کیڈر سے تعلق رکھنے والے آئی اے ایس افسر شاہ فیصل کی مرکزی حکومت میں تقرری کی مدت میں دو سال کی توسیع کو منظوری دے دی ہے۔شاہ فیصل اس وقت وزارت ثقافت میں ڈپٹی سیکریٹری کے عہدے پر تعینات ہیں۔ کابینہ کی تقرری کمیٹی کی منظوری کے بعد ان کی مرکزی تقرری کی مدت 19 ستمبر 2026 سے مزید دو برس کے لئے بڑھا دی گئی ہے۔محکمہ عملہ و تربیت کی جانب سے 19 اگست کو جاری ایک سرکاری حکم نامے کے مطابق شاہ فیصل 18 ستمبر 2028 تک یا آئندہ احکامات جاری ہونے تک، جو بھی پہلے ہو، مرکزی حکومت میں اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ شاہ فیصل 19 ستمبر 2022 سے مرکزی عملہ اسکیم کے تحت مرکزی حکومت میں تعینات ہیں۔ وزارت ثقافت کی تجویز پر ان کی تقرری کی مدت میں توسیع کی منظوری دی گئی۔شاہ فیصل نے سال 2009 کے یونین پبلک سروس کمیشن کے سول سروسز امتحان میں ملک بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی اور جموں و کشمیر سے اس امتحان میں اول مقام حاصل کرنے والے پہلے امیدوار بنے تھے۔ کپواڑہ سے تعلق رکھنے والے شاہ فیصل طب کے شعبے سے بھی وابستہ رہے ہیں اور سال 2010 میں آئی اے ایس میں شامل ہوئے۔انہوں نے تقریباً ایک دہائی تک انتظامی خدمات انجام دینے کے بعد جنوری 2019 میں ملازمت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے بعد وہ سیاست میں سرگرم ہوئے اور جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ قائم کی۔بعد ازاں سال 2022 میں مرکزی حکومت نے ان کی استعفیٰ واپس لینے کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں دوبارہ آئی اے ایس میں شامل ہونے کی اجازت دی، جس کے بعد انہوں نے سرکاری خدمات دوبارہ سنبھال لیں اور مرکزی حکومت میں تقرری حاصل کی۔محکمہ عملہ و تربیت کے اس تازہ حکم کے ساتھ شاہ فیصل کی وزارت ثقافت میں بطور ڈپٹی سیکریٹری خدمات کی مدت مزید دو برس کے لئے بڑھ گئی ہے۔










