کشتواڑ کے دُور افتادہ علاقے دچھن میں برستی بارش کے بیچ المناک حادثہ

کشتواڑ کے دُور افتادہ علاقے دچھن میں برستی بارش کے بیچ المناک حادثہ

7غریب مزدورلقمہ اجل،2غیر مقامی شامل،3شدیدزخمی اسپتال منتقل

سری نگر//جموں خطے کے پہاڑی ضلع کشتواڑ میں بدھ کی صبح پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثے میں پکل ڈل پاور پروجیکٹ کے ڈیم پرکام کرنے والے 7مزدور جاں بحق ہوئے ،جن میں جھارکھنڈ کے 2مزدور بھی شامل ہیں جبکہ ورکروں کو لے جارہی کروزر گاڑی کے ایک گہری کھائی میں جاگرنے کے نتیجے میں مزید کئی مزدور زخمی ہوگئے ،جن کو علاج ومعالجہ کیلئے نزدیکی اسپتال منتقل کیاگیا ہے ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق بدھ کوصبح تقریباًساڑھے8بجے ایک کروزرگاڑی ،جس میں مقامی اور غیر مقامی مزدور سوار تھے،ضلع کشتواڑ کے ایک دُورافتادہ علاقے دچھن میں ڈنگ ڈرورپاور( پکل ڈل) پروجیکٹ سائٹ کے نزدیک برستی بارشوں کے بیچ ڈرائیور کے قابو سے باہرہوکر حادثے کی شکار ہوئی ۔بتایاجاتاہے کہ ڈرائیورکے کنٹرول سے باہرہونے کے بعدگاڑی سڑک سے پھسل کر پکل ڈل پاور پروجیکٹ کے نزدیک ایک گہری کھائی میں جاگری ۔ایس ایس پی کشتواڑخلیل پوسوال نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ سڑک حادثے کی اطلاع ملتے ہی یہاں بچائو کارروائی شروع کردی گئی ۔ڈپٹی کمشنر کشتوڑدیویش یادئو نے بتایاکہ مزدوروں کو پاورپروجیکٹ کے ایک زیر تعمیر ڈیم کی جانب لے جانے والی گاڑی موسلا دار بارش کے دوران سڑک سے پھسل کرایک پہاڑی سے گہری کھائی میں جاگری ۔ایس ایس پی کشتواڑ خلیل احمد پوسوال اور ڈپٹی کمشنر کشتوڑدیویش یادئو نے اس المناک سڑک حادثے میں 7افراد کے جاں بحق ہونے اورتین دیگرکے شدیدزخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ مقامی لوگوں اور ریسکیو ورکروںنے تیز بارش کے باوجود فوری بچائوکارروائی شروع کی ۔انہوںنے کہاکہ اس حادثے میں 6مزدور موقعہ پرہی ازجان ہوئے تھے جبکہ ایک مزدور بچائو کارروائی کے دوران دم توڑ بیٹھا۔بچائو کارروائی میں شامل لوگوںنے بتایاکہ سڑک سے کھائی میں جاگرنے کے بعد کروسر گاڑی کے پرخچے اُڑ گئے ،اوراس کے حصے الگ الگ مقامات پر بکھرے پڑے تھے ۔انہوںنے بتایاکہ گاڑی کے پہاڑی سے گرنے کے بعد 6مزدوروں کی موقعہ پرہی موت واقعہ ہوئی جبکہ ایک شدیدزخمی مزدور اسپتال پہنچانے کے دوران راستے میں دم توڑ بیٹھا،اوریوں 7افراد لقمہ اجل بن گئے ۔حکام نے بتایاکہ اس حادثے میں تین دیگر مزدور زخمی ہوئے ہیں ،جن کو اسپتال منتقل کیاگیا۔حکام نے بتایاکہ اس سڑک حادثے میں پکل ڈل پاور پروجیکٹ کے ڈیم پرکام کرنے والے 7مزدور جاں بحق ہوئے ،جن میں جھارکھنڈ کے 2مزدور بھی شامل ہیں۔مہلوک مزدوروں کی شناخت سدیش کمار ولدکمار چندساکنہ کاسی گڑھ ڈوڈہ،اختر حسین ولد محمدعباس ساکنہ دھچن کشتواڑ،عبدالریشد ولد عبدالعزیز ساکنہ بنجوار کشتواڑ،مبشراحمدساکنہ ڈوڈہ ،کرن کمار ساکنہ کرور،راہل کمارواتواسنگھ ساکنان جھارکھنڈ کے بطور کی گئی ہے جبکہ زخمیوںمیںروی گیری ساکنہ بہار،محمدغریب ساکنہ رام بن اور ورون کمارشرما ساکنہ کشتواڑ شامل ہیں،جن کو علاج ومعالجہ کیلئے ضلع اسپتال کشتواڑ میں داخل کرایاگیا ہے۔