کشتواڑ کی 23خواتین کسان اے ٹی ایم اے کے تحت سکاسٹ کشمیر کے نمائشی دورے پر روانہ

کشتواڑ//23 خواتین کسانوں اور سیلف ہیلپ گروپس (ایس ایچ جی) کے اَرکان کا ایک گروپ آج شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگری کلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کشمیر (سکاسٹ کشمیر) کے پانچ روزہ دورے پر روانہ ہوا۔دورے کا مقصد اِن کسانوں کو بہترین زرعی طریقوں کو سیکھنے کے قابل بنانا ہے۔اِس دورے کا اِنعقاد محکمہ صحت نے ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر دیونش یادو کی ہدایت اور رہنمائی میں مرکزی سکیم اے ٹی ایم اے کے تحت کیا تھا اور چیف ایگری کلچر آفیسر امجد حسین ملک نے اسے ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔نمائشی دورے میں زعفرانی کاشت پر خصوصی توجہ اور پانپور کے دوسو علاقے میں واقع جدید تحقیقی مرکز کا دورہ بھی شامل ہے جو زعفرانی تحقیق میں اَپنے نمایاں کام کے لئے جانا جاتا ہے۔چیف اَیگری کلچر آفیسر نے ٹور گروپ سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کسانوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ سکاسٹ کشمیرکے سائنسدانوں اور تجربہ کار کسانوں سے سیکھ کر اِس موقعہ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھائیں۔ اُنہوں نے کاشتکاری کے جدید اوردیرپا طریقوں کو اَپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوںنے کاشتکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ فصلوں کی کاشت کی تکنیکوں کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کرنے کے لئے نمائشی دورے کے دوران زرعی سائنسدانوں ، ماہرین اور توسیعی عملے کے ساتھ بات چیت کریں۔ تقریب میں محکمہ زراعت کے اَفسروں، متعلقہ افسروں ، خواتین کسانوںاورایس ایچ جیز نے شرکت کی۔