لیفٹنٹ گورنر نے کیاسخت دکااظہار ،غمزدگان کیساتھ تعزیت:منوج سنہا
سری نگر//ضلع کشتواڑ کے بہلنا جنگلات میں بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات ایک بھاری بھرکم درخت ایک عارضی خیمے پر گرنے سے ایک بکروال کنبے کے 4 افرادلقمہ اجل بن گئے،جن میں ایک 17سالہ دوشیزہ اور2خواتین بھی شامل ہیں۔ حکام نے جمعرات کو بتایاکہ آدھی رات کے قریب ضلع کشتواڑ کے بہلنا جنگلی علاقے میں تیز ہواؤں اور شدید بارش کے درمیان ایک بڑا درخت بکروالوںکے ایک عارضی خیمے پر گرا،جس کے نتیجے میں خیمے میں موجود افرادموقعہ پرہی ا پنی جانیں گنوابیٹھے۔مرنے والوں کی شناخت55سالہ نذیر احمد ، ان کی بیوی42سالہ انور بیگم ، 26سالہ شمع بیگم زوجہ شوکت احمد اور 17سالہ شکیلہ بانوساکنان ضلع کٹھوعہ کے طور پر کی گئی ہے۔اسٹیشن ہاؤس آفیسر کشتواڑ عابد بخاری نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ادھر لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کشتواڑ میں پیش آنے والے بدقسمت واقعے میں جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ کشتواڑ میں ایک المناک واقعہ میں جانوں کے ضیاع پر گہرادکھ ہوا۔ میرے خیالات ان لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔










