پارٹی کے تمام رہنما اور کارکن متحد ہوکر تنظیم کیلئے کام کرتے رہیں گے/ سکینہ ایتو
سرینگر / این این بی // نیشنل کانفرنس کی قیادت کی جانب سے کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کے سلسلے میں لیے گئے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی وزیر سکینہ ایتو نے کہا ہے کہ پارٹی میں تمام کارکن برابر ہیں، چاہے کوئی وزیر ہو یا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ قیادت نے کابینہ میں توسیع کے حوالے سے جو بھی فیصلہ لیا ہے وہ انہیں قابل قبول ہے اور پارٹی کے تمام رہنما اور کارکن متحد ہوکر تنظیم کیلئے کام کرتے رہیں گے۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق لوک بھون سرینگر میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کابینہ وزیر سکینہ ایتو نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی قیادت نے کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کے سلسلے میں جو فیصلہ لیا ہے، وہ اس کا خیرمقدم کرتی ہیں۔ انہوں نے کابینہ میں شامل کیے گئے نئے وزراء کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں ہر شخص کی اپنی اہمیت ہے اور تمام کارکنوں کو یکساں حیثیت حاصل ہے۔سکینہ ایتو نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ایک ایسی جماعت ہے جہاں کارکنوں کو ان کے عہدوں کی بنیاد پر نہیں بلکہ پارٹی کے ساتھ ان کی وابستگی اور خدمات کی بنیاد پر دیکھا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی شخص وزیر ہو یا وزارت میں شامل نہ ہو، اس سے پارٹی کے لیے اس کی اہمیت کم نہیں ہوتی۔انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کے تمام رہنما اور کارکن پہلے کی طرح تنظیم کے لیے اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ ان کے مطابق، کابینہ میں جگہ ملنا یا نہ ملنا پارٹی کے ساتھ وابستگی اور کام کرنے کے جذبے پر اثر انداز نہیں ہونا چاہیے۔وزیر نے کہا کہ قیادت کا فیصلہ پارٹی کے وسیع تر مفاد میں ہوتا ہے اور تمام کارکنوں کو اس کا احترام کرتے ہوئے تنظیم کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نیشنل کانفرنس میں اجتماعی کوششوں اور اتحاد کو اہمیت حاصل ہے اور تمام کارکن پارٹی کے لیے کام جاری رکھیں گے۔










