31، اکتوبر2023 کو سرکاری ملازمت سے ہونگے سبکدوش
سری نگر//جموںوکشمیرمیں بطور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے 5سال تک خدمات انجام دینے کے بعد ڈی جی پی دلباغ سنگھ31، اکتوبر2023 کو سرکاری ملازمت سے سبکدوش ہوجائیں گے ۔خیال رہے1987بیچ کے سینئر آئی پی ایس دلباغ سنگھ جموں وکشمیرمیں میں ستمبر2018سے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے عہدے پرتعینات ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) دلباغ سنگھ31 اکتوبر 2023 کوسرکاری ملازمت سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔اس حوالے سے حکومت کے حکومت کے ایڈیشنل سکریٹری ڈاکٹر اروند کاروانی کی طرف سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ مطلع کیا جاتا ہے کہ دلباغ سنگھ، آئی پی ایس (RR-87)، PID نمبر IPS873203، تاریخ پیدائش 10 اکتوبر1963،31 اکتوبر2023 کی سہ پہر کوریٹائر ہو جائیں گے۔جموں و کشمیر کے محکمہ داخلہ کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، جموں وکشمیر کے24 جنوری 2023 کو لیٹر نمبر GZ/G-02/Retirement/2023کا حوالہ دیا گیا ہے۔آئی پی ایس کیڈر کی گریڈیشن لسٹ کے مطابق دلباغ سنگھ کی تقرری 15 دسمبر 1987 کو انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) میں ہوئی تھی۔انہیں ستمبر2018 میں ڈی جی پی جموں و کشمیر کے طور پر تعینات کیا گیا تھا،اور5سال تک اس عہدے پرتعینات رہنے کے بعدموصوف اکتوبر2023کے آخرمیں سرکاری ملازمت سے سبکدوش ہوجائیں گے ۔










