ڈرگ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن نے 8 فارمیسیوں کے سیل لائسنس منسوخ کردئیے

سری نگر//حکومت جموںوکشمیر نے جموں و کشمیر میں عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور اَدویات کے غلط اِستعمال کو روکنے کے لئے ایک اہم اقدامات کے تحت ایک خصوصی مہم شروع کی ہے جس میں فارمیسیوں اور دوا فروش دُکانوں کی قانونی اور ضابطہ جاتی معیارات کی تعمیل کو جانچا جا رہا ہے۔اِس مہم کے دوران ڈرگ اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن (ڈِی ایف سی او) کے اَفسران نے جموں و کشمیر کے مختلف اَضلاع میں اچانک معائینے کئے۔ اس مہم کا مقصد ڈرگز اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ 1940 کی خلاف ورزی کرنے والی فارمیسیوں کی نشاندہی کرنا اور سائیکوٹرا پک سبسٹنس اور نسخہ جاتی اَدویات کی غیر مجاز فروخت کو روکنے کے نگرانی کے نظام کو مضبوط بناناہے۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ معائینہ کرنے والی ٹیموں نے 8 فارمیسیوں کے ادویات فروخت کرنے کے لائسنس منسوخ کر دئیے کیوں کہ اُنہوں نے نشہ آور ادویات کی فروخت کا ریکارڈ برقرار نہیں رکھا تھا اور نہ ہی بلنگ کے لئے کمپیوٹرائزڈ نظام کو اَپنایا تھا۔ اِن فارمیسیوں میں میسرز عطر انٹرپرائزز گنجیواڑہ اننت ناگ، میسرز المہدی میڈیکیٹ، میسرز شہجار فارمیسی بڈگام، میسرز میڈیسٹی فارمیسی چاڈورہ، میسرز نیو بٹ میڈیکیٹ چاڈورہ،میسرز ڈار میڈیکیٹ قاضی پورہ ، چاڈورہ ،بڈگام ،میسرز فارما پلس میڈیکیٹ کیئر ذرادائیکوسنٹک لیب کھوریا راجوری، ہیپی سینی میڈیکل ہال ہریہ چک مرہین شامل ہیں۔اِس کے علاوہ ڈرگس اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ 1940 کے سیکشن 22 (ڈِی) کے تحت 75 ریٹیل سیل اِداروں کی سرگرمیاں موقعہ پر روک دی گئیںکیوں کہ وہ فروخت کا ریکارڈ محفوظ رکھنے، جعل سازی اور ادویات کو درست طریقے سے ذخیرہ کرنے میں ناکام پائے گئے۔ ان میںجموں، راجوری اور اننت ناگ میں 9،کپواڑہ اور بڈگام میں 6،اودھمپور اور کولگام میں 5،پلوامہ میں 4،کٹھوعہ، سانبہ، رام بن، ڈوڈہ، بارہمولہ اور شوپیاں میں 3،پونچھ میں 2اور کٹھوعہ، رام بن، ریاسی، کشتواڑ، سری نگراور گاندربل میں ایک ایک شامل ہیں۔ اِسی طرح مختلف اقسام کی 500 سے زائدفارمولیشنز کے نمونے بھی بے ترتیبی سے اُٹھائے گئے ۔ ان نمونوں کو جموں و کشمیر کے اندر واقع ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کو ان کے معیار کے پیرامیٹروں کا پتہ لگانے کے لئے قانونی رائے بنانے کے لئے بھیجا گیا تھا۔اِس کے علاوہ 8,40,348 روپے مالیت کی وہ ادویات جنہیں ڈرگز اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ کی دفعات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا، کو آرگنائزیشن کے ریگولیٹری افسران نے دفعہ 23 کے تحت سپلائی چین سے ضبط کر لیا۔اِس موقعہ پر لوتیکا کھجوریہ سٹیٹ ڈرگس کنٹرولرنے ایک بار پھر ادویات کے کاروبار سے منسلک افراد کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے لائسنس کی شرائط پر مکمل طور پر عمل کریں۔