Dr Itoo conducts extensive tour of Baramulla-28

ڈاکٹر جی این اِیتو نے بارہمولہ کا تفصیلی دورہ کیا اورمحکمہ سیاحت کے اثاثوں اور سہولیات کا جائزہ لیا

بارہمولہ//ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این اِیتو نے آج بارہمولہ ضلع کا تفصیلی دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں ضلع میں محکمہ سیاحت کے اثاثوں اور سہولیات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ناظم سیاحت کشمیر نے لڈورہ کا دورہ کیا اور وہاں بنائے گئے اثاثوں اور مستقبل میں ان اثاثوں کی فعالیت کا موقعہ پر جائزہ لیا۔اُنہوں نے عمل آوری ایجنسیوں اور علاقے کے مقامی لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور اُنہوں نے اُن کے ساتھ سیاحتی اثاثوں کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی ۔ ناظم سیاحت نے بونیار کا بھی دورہ کیا اور محکمہ کے ایک ریسٹورنٹ کو چلانے کے لئے ایک تقریب میں شرکت کی۔ڈاکٹر جی این اِیتو نے مقامی اور اَفسران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں سیاحت کی بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے اور محکمہ اِس صلاحیت کو بروئے کار لانے کی کوشش کر رہا ہے ۔اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ گلمرگ کے علاوہ ضلع میں متعدد دیگربشمول ایکو پارک ، ڈرنگ، شرانزفال ، نمبر لان فال اور گواس گھاس کا میدان ،بوسیان ، وِج میں پھیلے ہوئے ٹریکس پُر کشش مقامات ہیں۔اُنہوں نے ریستوراںکے منیجران پر زور دیا کہ وہ بارہمولہ ضلع اورمحکمہ سیاحت کے کھانے پینے کی ایک اہم مقام بنائیں۔بعد میں ناظم سیاحت کشمیر نے اَفسران کی ٹیم کے ہمراہ ایکو پارک بارہمولہ کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے پارک اور محکمانہ اثاثوں کا تفصیلی معائینہ کیا ۔ اُنہوں نے پارک کے منتظمین پر زور دیا کہ وہ مہم جو سرگرمیاں ، خیمہ بستی وغیرہ جلد اَز جلد شروع کریں اور اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ جلد ہی پارک میں اَیڈونچر فیسٹول منعقد کرنے کا منصوبہ بنارہا ہے ۔اُنہوں نے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ پارک کی ماحولیات کو برقرار رکھیں اور پارک میں اَپنے قیام کے دوران کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے اِنتظام میں محکمہ کی مدد کریں۔ناظم سیاحت کشمیر جی این اِیتو نے پارک میں فوری طور پر کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کی جگہ قائم کرنے اور متعلقہ اِداروں کی جانب سے کچرے کو باقاعدگی سے اُٹھانے کی ہدایت دی ۔ اُنہوں نے سیاحو ں کی توجہ کے لئے فوارے کی فوری بحالی اور دیگر کاموں کی بھی ہدایت دی ۔ ناظم سیاحت کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹوراِزم کشمیر ، نیشنل بلڈنگ کنسٹرکشن کارپوریشن،محکمہ سیاحت کے اَفسران ، اِنجینئران اور ضلعی اِنتظامیہ کے دیگر اَفسران بھی موجود تھے۔اِس سے پہلے دِن میں ڈاکٹر جی این اِیتو نے پلہالن کا بھی دورہ کیا جہاں اُنہوں نے محکمہ زراعت کی سبزیوں کو خشک کرنے کی اِختراع کا ایک مظاہرہ دیکھا۔مظاہرے کا اِنعقاد ایک مقامی این جی او نے کیا اور اِس موقعہ پر ناظم زراعت کشمیر چودھری محمد اِقبال بھی موجود تھے۔