بڈگام//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے آج بڈگام میں پولی تکنیک کالج چاڈورہ اور آئی ٹی آئی کالج چرارِ شریف کا دورہ کیا اور دونوں اِداروں میں ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔پرنسپل سیکرٹری نے پولی تکنیک کالج کے دورے کے دوران مختلف سہولیات کی دستیابی کا موقعہ پر جائزہ لینے کے لئے سول اِنجینئرنگ اور میکنیکل اِنجینئرنگ کی مختلف لیبز کا معائینہ کیا۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے کالج طلباء او رعملے کے ساتھ ایک مختصر استفساری سیشن کی بھی صدارت کی ۔پرنسپل پولی تکنیک کالج الطاف حسین شالہ نے اِس موقعہ پرخطاب کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری کی رہنمائی اور قیادت میںسکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے حاصل کی گئی مختلف حصولیابیوں کا خلاصہ پیش کیا اور ان کے سامنے چند مطالبات بھی پیش کئے۔ پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے پرنسپل اور دیگر عملے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری پولی تکنیک کالج وادی میں نمبر 1 پولی تکنیک کالج کے طورپر سرفہرست رہا ہے اور جموںوکشمیر یوٹی میں مجموعی درجہ بندی میں نمبر2 ہے جیسا کہ حکومت نے نشان زد کیا ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ِادارے کے لئے مشینری اور آلات کی خریداری کی خاطر کالج کو 2.8 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ کالج میں اَگلے تعلیمی سیشن سے آٹو موبائل اور دیگر ٹریڈز شروع کی جائیں گی۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ ہوسٹل میں رہائش کا کام جلد اَز جلد مکمل کیا جائے اور مستقبل قریب میں طلباء کو بس سروس اور سہولیات فراہم کی جائیں۔اُنہوں نے مقامی نوجوانوں کو مختلف ٹریڈز کے تحت ہنر مندانہ تربیت فراہم کرنے پر زور دیا اور اُنہوں نے کہا کہ اس سے ہنر مند نوجوانوں کے لئے معاشی و سائل اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔پرنسپل سیکرٹری نے آئی ٹی آئی چرارِ شریف میں مختلف لیبز کا دورہ کیا او راُنہوں نے عملہ اور سپر اِنٹنڈنٹ آئی ٹی آئی بشیر احمد بیگ سے اِستفساری گفتگو کی۔اُنہوں نے طلباء کو مختصر مدت کے کورسوں میں تربیت دینے اور کالج میں نئے مختلف ٹریڈز کے تحت طلباء کو داخلہ فراہم کرنے پرزور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ ورکشاپ بلاک اور ہوسٹل عمارت پر بھی جنگی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے۔پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے طلباء کو فراہم کی جارہی تربیتی سہولیات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اوراُنہوںنے کہا کہ صنعتی مانگ کو مد نظر رکھتے ہوئے نئے دور کے کورسز بھی متعارف کئے جائیں گے ۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو صنعتی طلب کے مطابق ہنر مندانہ تعلیم فراہم کی جائے تاکہ وہ اَپنی روزی روٹی کمانے کی پوزیشن میں ہوں اور آئی ٹی آئی سے فارغ التحصیل اَفراد نوکری تلاش کرنے کے بجائے نوکری فراہم کرنے والے بن جائیں۔پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اَصغر حسن سامون کے ہمراہ جوائنٹ ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ کشمیر ، ڈپٹی دائریکٹر ٹریننگ اور سپر انٹنڈنٹ آئی ٹی آئی چرارِ شریف اور دیگر متعلقین بھی تھے۔










