ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف کی اٹیچمنٹ منسوخ

فیصلے کا مقصد صحت کی بہتر سہولیات کو یقینی بنانا :پرنسپل سیکرٹری حکومت

سری نگر//صحت کی بہتر سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے، جموں و کشمیر حکومت نے جمعہ کو ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی اٹیچ منٹ(منسلک کرنا) منسوخ کرنے کا حکم دیا۔حکومت کے پرنسپل سکریٹری منوج کمار دویدی کے ذریعہ جاری کردہ سرکلر کے مطابق، محکمہ کے سربراہوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ یکم اگست2022 تک تعمیل رپورٹ پیش کریں۔جے کے این ایس کے مطابق حکومت کے پرنسپل سکریٹری کے جاری کردہ سرکیولر میں کہاگیا ہے کہ عام لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور دیہی علاقوں میں صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کو بحال کرنے کے مقصد سے، ڈاکٹروں/پیرامیڈکس کے تمام اٹیچمنٹ جو تمام محکموں کے سربراہان بشمول چیف میڈیکل آفیسرز، ADMOS اور بلاک میڈیکل آفیسرز یا ان کی اپنی سطح پر وقتاً فوقتاً کسی دوسرے افسر کو فوری طور پر منسوخ کر دیا جاتا ہے اور وہ اپنی اصل جگہ پر واپس رپورٹ کریں گے۔انہوںنے مزیدکہاکہ متعلقہ محکموں کے سربراہوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے یکم اگست 2022 تک اس سلسلے میں تعمیل رپورٹ پیش کریں۔ اس کے علاوہ، تمام متعلقہ ڈی ڈی ائووز کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اب سے اپنے دائرہ اختیار میں منسلک کسی بھی ڈاکٹر/پیرامیڈکس کی تنخواہ نہ لیں۔