چیف سیکرٹری نے ایس اے این جے وائی 2024 کی تیاریوں کا جائیزہ لیا

یاترا کے آغاز سے قبل سہولیات میں اضافہ اور زیر التوا کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایت

سرینگر//چیف سیکرٹری اتل ڈولو نے آج شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ ( ایس اے ایس بی ) کی ذیلی کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی جس میں سول انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی تا کہ شری امر ناتھ جی یاترا کو محفوظ اور پریشانی سے پاک کرنے کی تیاریوں کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ میٹنگ کے دوران مسٹر ڈولو نے بالتل اور چندن واڑی سے پوتر گپھا کی طرف جانے والے دونوں راستوں کے علاوہ بالخصوص جموں سرینگر قومی شاہراہ کے ساتھ ساتھ یاتریوں کی محفوظ ، ہموار نقل و حرکت کیلئے سہولیات کا تفصیل سے جائیزہ لیا ۔ انہوں نے متعلقہ افراد کو ہدایت دی کہ وہ تمام مطلوبہ سہولیات کو مناسب طریقے سے بہم رکھا جائے تا کہ یاترا کے ہموار انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے ۔ سالانہ یاترا 52 دن طویل ہو گی جو 29 جون 2024 کو شروع ہو کر 19 اگست 2024 کو اختتام پذیر ہو گی ۔ لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اور سی ای او ایس اے ایس بی ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری نے ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی جس میں یاترا کیلئے رجسٹریشن ، سروس فراہم کرنے والے ، یاترا کیمپ ، لنگر خدمات اور دیگر چیزوں کے علاوہ مختلف سہولیات کی فراہمی شامل ہے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ یاترا کیلئے یاتریوں کا رجسٹریشن 15 اپریل 2024 سے آف لائن اور آن لائین دونوں طریقوں سے شروع ہوا ہے ۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے ہدایت دی کہ معیار پر سمجھوتیہ کئے بغیر مختلف محکموں کے ساتھ زیر التوا تمام کام یاترا کے آغاز سے پہلے مکمل کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران سائٹس کا باقاعدگی سے دورہ کریں تا کہ ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے جموں /کشمیر کے ڈویژنل کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ ڈویژنوں میں قومی شاہراہ پر عوامی سہولتوں ، پانی کی فراہمی ، بجلی کی فراہمی ، لنگر ، رجسٹریشن اور طبی دیکھ بھال جیسی بنیادی سہولیات کا مناسب بندوبست کریں ۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات دیں کہ وہ فضلہ کو سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگانے ، یاترا کے دوران صفائی کے مناسب انتظامات ، یاترا راستوں پر پینے کے پانی کے مناسب انتظامات کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن کو ہدایت دی کہ کیموں اور راستے میں صحت کی دیکھ بھال کی مناسب سہولیات کو یقینی بنایا جائے ۔ چیف سیکرٹری نے محکمہ اطلاعات کو ہدایت دی کہ وہ یاترا کیلئے تمام یاترا کیمپوں ، مختلف مقامات ، رہائش کے مراکز پر مناسب تعداد میں پبلک ایڈریس سسٹم /ہورڈنگ /بینرز نصب کریں ۔ اسی طرح دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئیں کہ یاترا کو احسن طریقے سے چلانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں ۔